روات (نمائندہ خصوصی)
مرزا محمد کلیم سکنہ اراضی سوہال نے تھانہ روات میں تحریری درخواست جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اُن کا ملازم ممتاز حسین ڈی ایچ اے فیز سیون کے قریبی جنگل میں بکریاں چرا رہا تھا کہ اسی دوران تین نامعلوم کار سوار افراد وہاں پہنچ گئے۔
درخواست کے مطابق ملزمان نے آتے ہی چڑواہے ممتاز حسین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اسلحہ کی نوک پر پانچ عدد بکرے اور ایک بکری زبردستی گاڑی میں ڈال کر فرار ہو گئے۔
مدعی کے مطابق چھینے گئے جانوروں کی مجموعی مالیت تقریباً سات لاکھ روپے بنتی ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقامی افراد نے پولیس سے فوری کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے
۔
ذرائع کے مطابق ایک ہفتہ قبل بھی قریبی گاؤں موہڑہ بختاں کے جنگلاتی علاقے میں اسی نوعیت کی واردات پیش آئی تھی، جہاں نامعلوم افراد بکریاں اور بکرے چھین کر فرار ہو گئے تھے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مسلسل وارداتوں کے باعث مویشی پال حضرات شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
تھانہ روات پولیس نے درخواست موصول ہونے کے بعد ابھی تک مقدمہ درج نہ کیا ہے اور ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے
علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلاتی اور مضافاتی علاقوں میں پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے