کلر سیداں کھڈ تا بناہل روڈ کی تعمیر و بحالی، 40 کروڑ روپے کے منصوبے کا سروے مکمل

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں کھڈ تا بناہل روڈ کی تعمیر و بحالی، 40 کروڑ روپے کے منصوبے کا سروے مکمل۔تفصیلات کے مطابق کلر سیداں کی یونین کونسل منیاندہ کے علاقے کھڈ تا بناہل روڈ کی تعمیر و بہتری کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے منظور شدہ 40 کروڑ روپے کی گرانٹ کے تحت منصوبے کا باقاعدہ سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔سروے کی نگرانی ایس ڈی او ہائی وے مسب علی، سب انجینئر عامر سلطان، ٹھیکیدار طارق لنگڑیال اور نیسپاک انسپکٹر بابر نے کی۔

سروے کے دوران سڑک پر موجود تیز چڑھائیوں کو کم کرنے، خطرناک اور غیر ضروری موڑوں کو مختصر کرنے سمیت دیگر تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ عوام کو محفوظ، ہموار اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔متعلقہ حکام نے مختلف مقامات کا موقع پر معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی معیار اور حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری تجاویز مرتب کیں۔ اس موقع پر عوامی حلقوں نے کہا کہ کھڈ تا بناہل روڈ علاقہ مکینوں کی دیرینہ ضرورت تھی، جس کی بہتری سے نہ صرف آمد و رفت میں سہولت حاصل ہو گی بلکہ علاقے کی مجموعی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کرے گی۔

علاقہ مکینوں نے منصوبے کی منظوری اور عملی پیش رفت پر ایم این اے راجہ اسامہ اشفاق سرور، ایم پی اے راجہ صغیر احمد اور پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی عوام دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔