کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ ) اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں شبانہ نذیر نے گزشتہ روز تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال کلرسیداں کا اچانک اور تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لینا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے سب سے پہلے ایمرجنسی وارڈ کا معائنہ کیا جہاں انہوں نے عملے کی حاضری، مریضوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی اور ریکارڈ چیک کیا۔ بعد ازاں انہوں نے میل اور فی میل وارڈز کا دورہ کیا اور زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے علاج، ادویات اور ڈاکٹرز کی دستیابی سے متعلق براہِ راست استفسار کیا۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر شبانہ نذیر نے ہسپتال میں موجود ادویات کے اسٹاک، رجسٹرز اور میعاد ختم ہونے والی ادویات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح ہدایات دیں کہ ادویات کی کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور مریضوں کو مفت اور بروقت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عابدہ پروین نے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کو ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، مریضوں کی تعداد، عملے کی صورتحال اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بعض بنیادی سہولیات کی بہتری اور اضافی وسائل کی ضرورت سے بھی آگاہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے صفائی عملے اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وارڈز، واش رومز اور اطراف کے علاقوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مریضوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔آخر میں اسسٹنٹ کمشنر شبانہ نذیر نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہسپتال کو درپیش مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچا کر ان کے حل کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.