پاکستان سپر لیگ میں دو نئی ٹیموں کا اضافہحیدرآباد اور سیالکوٹ پی ایس ایل فیملی کا حصہ بن گئے

پاکستان سپر لیگ میں دو نئی ٹیموں کا اضافہ
حیدرآباد اور سیالکوٹ پی ایس ایل فیملی کا حصہ بن گئے
اسلام آباد:
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں توسیع کرتے ہوئے دو نئی ٹیموں حیدرآباد اور سیالکوٹ کو شامل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد پی ایس ایل میں ٹیموں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔
پی ایس ایل فیملی میں شامل ہونے والی ساتویں ٹیم حیدرآباد کے نام سے متعارف کرائی گئی، جسے ایف کے ایس (FKS) نے 175 کروڑ روپے میں خرید لیا۔ جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہونے والی بولی کا آغاز 110 کروڑ روپے سے ہوا، جس میں نو کمپنیوں نے حصہ لیا۔ بولی کے دوران ایف کے ایس اور آئی ٹو سی (I2C) کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، دونوں کمپنیوں کی جانب سے ریٹس میں مسلسل اضافہ کیا جاتا رہا، تاہم آخرکار کامیابی ایف کے ایس کے نام رہی۔
اس طرح پی ایس ایل میں کراچی، لاہور، ملتان، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور کے بعد حیدرآباد بھی شامل ہو گیا۔
پی ایس ایل کی آٹھویں ٹیم 185 کروڑ روپے میں فروخت ہوئی، جسے اوزی ڈیولپرز نے خریدا اور اس ٹیم کو سیالکوٹ کا نام دیا گیا۔لیڈر آف ٹیپ بال جناب آصف ندیم صاحب انشاء اللہ سیالکوٹ ٹیم کو لیڈ کرتے نظر آئیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل اب صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ ایک مضبوط برانڈ بن چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے 10 سالوں تک پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں۔
پی ایس ایل میں نئی ٹیموں کی شمولیت سے نہ صرف ملکی کرکٹ کو فروغ ملے گا بلکہ نئے شہروں کو بھی قومی سطح پر نمائندگی کا موقع حاصل ہوگا۔