بجلی کی آنکھ مچولی، کلر سیداں کے شہری شدید مشکلات کا شکار

کلرسیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلرسیداں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، اہلیان علاقہ شدید پریشانی میں مبتلا۔تفصیلات کے مطابق کلرسیداں اور گرد و نواح کے علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے جاری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے مقامی آبادی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ بجلی کی بے ترتیب بندش سے عوام کو روزمرہ کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

علاقے میں روزانہ بجلی اچانک بند کر دی جاتی ہے۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو اپنے کاروباری اور گھریلو معاملات میں منصوبہ بندی کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔مقامی تاجر برادری نے بتایا کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کاروبار شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ دکانداروں کو جنریٹر چلانے پر مجبوراً اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔ مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ دن میں کئی بار بجلی آتی جاتی رہتی ہے، جس کی وجہ سے الیکٹرانک سامان خراب ہونے کا خدشہ بنا رہتا ہے۔

خواتین نے شکایت کی کہ لوڈ شیڈنگ سے گھریلو کام متاثر ہو رہے ہیں۔ پانی کی سپلائی میں رکاوٹ، کھانا پکانے میں دشواری اور بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔مقامی شہریوں نے انتباہ دیا ہے کہ اگر جلد حالات بہتر نہیں ہوئے تو عوام احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی بنیادی ضرورت ہے اور اس کی مسلسل عدم فراہمی ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔