راولپنڈی انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے ڈویژن بھر میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمات کے چالان عدالت میں جمع نہ کرانے پر ریجنل پولیس افسر (آر پی او) راولپنڈی اور سٹی پولیس افسر (سی پی او) راولپنڈی سمیت مری، چکوال اور اٹک کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران (ڈی پی اوز) کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کر دئیے ہیں اور پانچوں پولیس افسران کو 10 جنوری کو اصالتا عدالت میں طلب کر لیا ہے
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر اپنی پوزیشن کلئیر کریں کہ کیوں نہ ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے عدالت کی جانب سے آر پی او سمیت ضلعی پولیس کے سربراہان کو جاری نوٹسوں میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے حالیہ سال 9 دسمبر کو حکم دیا تھا کہ ڈویژن بھر کے متعلقہ ایس ڈی پی او اور تفتیشی افسران کو ہدایت کی جائے کہ ڈویژن بھر کے تمام تھانوں میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمات میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 173 کے ان مقدمات کے چالان اور تفصیلی رپورٹس عدالت میں جمع کروائی جائیں کہ
قانون کے مطابق 33 دن کی مقررہ مدت گزر جانے کے باوجود کن مقدمات کے چالان پیش نہیں کئے گئے لیکن نہ تو پولیس کی جانب سے کوئی چالان جمع کروائے گئے اور نہ اس حوالے سے کوئی جواب دیا گیا جو پولیس کی عدم دلچسپی اور عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997کی دفعہ (2)19 اور 37 کے تحت جاری نوٹس میں ہدایت کی گئی ہے کہ 10 جنوری کو ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہو کر وضاحت کریں کہ احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر کیوں نہ ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے