موجودہ حکومت نے اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لیے آئینی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے ، چوہدری جاوید کوثر

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی چوہدری جاوید کوثر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لیے آئینی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور آئینِ پاکستان جیسی مقدس قومی دستاویز کو ’’کاغذ کا ٹکڑا‘‘ سمجھ کر من پسند ترامیم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی دوبارہ اقتدار میں آتے ہی 27ویں آئینی ترمیم کو فوری طور پر ختم کر دے گی۔

چوہدری جاوید کوثر نے کلر سیداں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی موجودہ شراکتِ اقتدار نے ملک کو ’’سیاسی تجربہ گاہ‘‘ بنا دیا ہے، جس کے باعث عوامی مسائل پسِ پشت چلے گئے ہیں اور مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی ابتری میں اضافہ ہو رہا ہے۔پی ٹی آئی رہنما کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم چند مخصوص شخصیات کو فائدہ پہنچانے کی کوشش ہے، جو ملکی مفاد کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں ترامیم قومی اتفاقِ رائے سے ہونی چاہئیں، نہ کہ وقتی سیاسی ضرورت کے تحت۔اپنے خلاف قائم مقدمات کا ذکر کرتے ہوئے چوہدری جاوید کوثر نے کہا کہ اُن پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت 32 مقدمات درج کیے گئے، تاہم ان میں سے کسی ایک میں بھی انہیں مجرم قرار نہیں دیا جا سکا۔

انہوں نے ان مقدمات کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ہتھکنڈے اپوزیشن کی آواز دبانے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔انہوں نے عدالتی صورتحال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی آخری امید عدلیہ تھی، مگر اب یہ امید بھی کمزور پڑتی جا رہی ہے جس سے عوامی بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ایم پی اے کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک میں مضبوط آئینی نظام، شفافیت اور اداروں کی خودمختاری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ’’پاکستان کو بنانا ری پبلک نہیں بننے دیں گے‘‘۔انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق کی حفاظت کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔