کلرسیداں میں پیشہ ور بھکاریوں کا راج، شہریوں کا سکون غارت ، انتظامیہ تماشائی

کلر سیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلرسیداں میں پیشہ ور بھکاریوں کا راج، شہریوں کا سکون غارت ، انتظامیہ تماشائی۔کلرسیداں اور نواحی علاقوں میں گداگری ایک منافع بخش دھندہ بن چکا ہے۔ شہر کی مرکزی شاہراہ، بازاروں، مساجد اور گلی محلوں میں بھکاریوں کی یلغار نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

ہر موڑ پر بزرگ، عورتیں، معذور افراد اور ننھے بچے ہاتھ پھیلائے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ بھکاری دکانداروں، خریداروں اور کھانے پینے کی جگہوں پر بیٹھے افراد کے گرد منڈلاتے رہتے ہیں، اور اکثر اوقات شہریوں کے پیچھے لگ کر زبردستی پیسے وصول کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔مقامی آبادی کے مطابق ان میں سے بیشتر گداگر کسی مجبوری نہیں بلکہ منظم بھکاری گروہوں کے رکن ہیں جو روزانہ ہزاروں روپے کی کمائی کرتے ہیں۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ کی چشم پوشی نے ان گروہوں کو مزید دلیر بنا دیا ہے۔علاقہ مکینوں کا مؤقف ہے کہ بھکاریوں کی آڑ میں بعض جرائم پیشہ عناصر بھی سرگرم ہیں جو موقع ملنے پر چوری، جیب تراشی یا رہزنی جیسی وارداتیں کرتے ہیں۔ شہریوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ کلرسیداں میں بڑھتی ہوئی گداگری کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہو اور عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔