کلرسیداں(یاسر ملک)
گورنمنٹ ہائی سکول کلرسیداں میں پروقار تقریب ، استاد محترم مسعود خان بھٹی ریٹائر ہوگئے۔گورنمنٹ ہائی سکول کلرسیداں کے قابلِ احترام اور ہردلعزیز استاد مسعود خان بھٹی نے اپنی 37 سالہ تعلیمی خدمات مکمل کرنے کے بعد ریٹائرمنٹ اختیار کر لی۔ اس موقع پر سکول میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں طلباء اور اساتذہ نے اپنے استادِ گرامی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے پہلے حصے میں طلباء نے مسعود خان بھٹی کی تعلیمی و تربیتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پروکٹوریل بورڈ کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا جبکہ طلباء سے خطاب کرتے ہوئے مسعود خان بھٹی نے کہا کہ میری زندگی کا سب سے بڑا سرمایہ میرے شاگرد ہیں، جن کی کامیابی ہی میرے لیے اصل اعزاز ہے۔اس موقع پر انہوں نے تمام طلباء سے فرداً فرداً مصافحہ بھی کیا۔تقریب کے دوسرے حصے میں سکول کے اساتذہ کی جانب سے ایک پروقار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر اساتذہ نے اپنے رفیقِ کار کی خدمات اور شخصیت پر خیالات کا اظہار کیا۔ رئیسِ مدرسہ محمد خالد عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسعود خان بھٹی نہ صرف ایک بہترین استاد ہیں بلکہ اپنے شاگردوں کے لیے شفیق والد اور ساتھیوں کے لیے مشفق بھائی کا درجہ رکھتے ہیں۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔تیسرے اور آخری مرحلے میں سکول کی روایت کے مطابق پورا سٹاف مسعود خان بھٹی کو الوداع کہنے کے لیے ان کے گھر تک چھوڑنے گیا۔ اس موقع پر مسعود خان بھٹی نے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔