کلرسیداں (یاسر ملک)
راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ(آر ڈبلیو ایم سی)کے ذمہ دار حکام کی مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کے نتیجے میں وزیر اعلی پنجاب کا ستھرا پنجاب پروگرام کلرسیداں میں ناکامی سے دوچار۔میونسپل کمیٹی کلرسیداں کی 23 میں سے18 وارڈز میں اب تک ستھرا پنجاب پروگرام شروع نہ ہو سکا۔تمام وارڈز میں اب تک گاربج کینٹینر فراہم نہ کئے گئے اور نہ ہی روزانہ کی بنیاد پر صفائی آپریشن کیا جا رہا ہے۔ایم ڈی راولپنڈی کا چہیتاآپریشن مینیجر انوار الحق کلرسیداں میں تعینات ہے جو ہفتہ میں صرف دو دن ڈیوٹی پر آتا ہے۔جس نے اپنی سہولت کے لیئے مانیٹرنگ کے نام پر پانچ من پسند افراد کو ایم ڈی ایم ڈی آرڈبلیو ایم سی رانا ساجد کی آشیرباد سے بھرتی کرلیا۔افسران کو سب اچھا کی رپورٹ جبکہ زمینی حقائق یکسر مختلف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت شروع کیا گیا صفائی کاپروگرام ستھرا پنجاب میونسپل کمیٹی کلرسیداں میں بری طرح ناکامی سے دوچار ہے۔آرڈبلیو ایم سی اور پرائیوٹ کمپنی سی ٹی ڈی ایس اینڈ جے وی کے درمیان کھینچا تانی سے جہاں عوام اس پروگرام سے مستفید نہیں ہو رہے وہاں صفائی پر معمورورکر بھی پریشانی کا شکار ہیں۔عیدالضحی کے موقع پر وزیراعلی مریم نواز کی طرف سے کارکنوں کے لیئے دس ہزار روپے کابونس دیا گیا لیکن کلرسیداں میں آر ڈبلیو ایم سی کے افسران کی ناقص پالیسی کی وجہ سے چالیس سے زائد ملازمین کو یہ بونس تاحال نہ مل سکا۔تفصیلات کے مطابق کروڑوں روپے کی خطیر گرانٹ مختص کئے جانے کے باوجود تحصیل کلرسیداں میں ستھرا پنجاب کے ثمرات سے شہری مستفید نہیں ہو رہے۔اب تک صرف شہر کی چار وارڈز اور مین روڈ پر صفائی کا کام شروع کیا گیا ہے جبکہ میونسپل کمیٹی کلرسیداں کی دیگر وارڈز میں تاحال نی تو ستھر پنجاب کے ورکر صفائی کے لیئے جاتے ہیں اور نہ ہی اب تک ان وارڈز میں ڈسٹبن(گاربج کینٹینر)نصب کئے گئے۔آر ڈبیلو ایم سی کلرسیداں میں اپنی ذمہ داریوں سے نابلد سٹاف نے ستھرا پنجاب کے لیئے ناقص اور غلط فزبیلٹی رپورٹ تیار کر کے حکومت پنجاب کو ارسال کی جس کی وجہ سے اب پرائیویٹ کنٹریکٹر اپنے معاہدہ کی آڑ لے کر تمام وارڈز میں گاربج کینٹینر فراہم کرنے سے انکاری ہے۔اس تمام صورتحال میں اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں اور آر ڈبلیو ایم سی کے ذمہ دار حکام محض تماشائی کا کردار ادا کر رہے۔عوامی حلقوں نے ستھرا پنجاب جیسے شاندار پروگرام کی ناکامی پر شدید افسوس اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ادھر ایم سی کلرسیداں کے سابق ممبران بلدیہ عابد حسین زاہدی،حاجی محمد اسحاق،ملک زبیر احمد،ضابر حسین،پرویز منہاس اور راجہ وحید جنجوعہ نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز،کمشنر راولپنڈی،ایم این اے اسامہ اشفاق سرور اور ایم پی اے راجہ صغیر احمد سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔اور اس بات کا استفسار کیا ہے کہ کیا ستھرا پنجاب کا کروڑوں روپے کا فنڈ آر ڈبلیو ایم سی کے افسران اور پرائیویٹ کنٹریکٹر کی عیاشیوں کے لیئے شروع کیا گیا یا پھر حقیقی معنوں می عوام اس سے مستفید ہو سکیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ میونسپل کمیٹی کلرسیداں کی تمام وارڈز میں ستھرا پنجاب کے تحت صفائی کو روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنایا جائے اور تمام وارڈز میں عوامی مطالبہ کے پیش نظر گاربج کینٹینر(ڈسٹ بن)بھی فوری طور پر فراہم کیئے جائیں۔