19

اٹک یکم محرم الحرام کا جلوس ، سیکورٹی کے سخت انتظامات

اٹک (نمائندہ پنڈی پوسٹ ) یکم محرم الحرام1447ھ کے جلو س کی مجلس عزاء میں علمائے کرام نے حضرت امام حسین کے فلسفہ شہادت کو اجاگر کیا ہے،تفصیلات کے مطابق اسلام کی سربلندی اور دین کے تحفظ کیلئے حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانیاں بے مثال ہیں، جو رہتی دنیا تک صبر، ایثار اور برداشت کا درس دیتی رہیں گی۔

ان خیالات کا اظہار مذہبی علمائے کرام اور مقررین نے اٹک شہر کے Kبلاک نزد گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سے محرم الحرام1447ھ کے آغاز پر نکالے گئے جلوس کی مجلس عزاء کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے،مقررین نے اپنے خطابات میں واقعہ کربلا کے فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اہل خانہ نے ظلم کے خلاف جس عظیم قربانی کی مثال پیش کی ہے، وہ تاریخ میں بے نظیر ہے اور قیامت تک یاد رکھی جائے گی،

انہوں نے کہا کہ ہمیں حضرت امام حسین کی حیاتِ طیبہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے صبر، قربانی اور حق کیلئے ڈٹ جانے کی روش کو اپنی عملی زندگی میں اپنانا چاہیے،بعد ازاں، معروف سماجی شخصیت مرحوم تحسین الحسن زیدی کی رہائش گاہ Kبلاک نزد گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول اٹک شہر سے ماتمی جلوس برآمد ہوا ہے، جو اپنے مقررہ روایتی راستوں سے ہوتا ہوا شام نماز مغربین کے وقت امام بارگاہ حسینیہ کامل پور سیدان اٹک کینٹ پر اختتام پذیر ہوا ہے،

اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس اہلکار جلوس کے راستوں اور قریبی عمارتوں کی چھتوں پر تعینات تھے تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے، ڈی ایس پی صدر سرکل اٹک ملک افتخار، ایس ایچ او تھانہ صدراٹک سب انسپکٹر طاہر بشیر اور ایس ایچ او ماڈل پولیس سٹیشن اٹک سٹی سب انسپکٹر ملک مجاہد عباس نے جلوس کے مختلف روٹس کا خود دورہ کیا ہے اور سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا ہے،

اس موقع پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کے انچارج سردار وحید اور اسپیشل برانچ کے انچارج مشتاق احمد بھی موجود تھے،عزاداروں کی سہولت کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے جلوس کے راستے پر ٹھنڈے پانی کی سبیل کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا، تاکہ شدید گرمی میں شرکاء کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں