47

رٹھوعہ ہریام پل کا منصوبہ تاخیر کا شکار، 17 سال بعد بھی مکمل نہ ہو سکا

میرپور (نامہ نگار):
منگلہ ڈیم پر تعمیر ہونے والا رٹھوعہ ہریام پل گزشتہ کئی سالوں سے سست روی کا شکار ہے، اور اب اس کی تاخیر کی ایک بڑی وجہ منگلہ ڈیم میں پانی کی سطح کا بلند ہونا بتایا جا رہا ہے۔

یہ پل میرپور شہر کو اسلام گڑھ سے ملانے کے لیے تعمیر کیا جا رہا ہے، جس کی کل لمبائی تقریباً سات کلومیٹر ہے۔ یہ منصوبہ منگلہ ڈیم اپ ریزنگ پراجیکٹ کا اہم جزو تھا، جس کا مقصد علاقے کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اور منگلہ ڈیم کی توسیع سے متاثرہ علاقوں کو دوبارہ مربوط کرنا تھا۔

تاہم، منصوبے کو شروع ہوئے سترہ سال گزر چکے ہیں، مگر تاحال یہ مکمل نہیں ہو سکا۔ عوامی حلقوں میں اس تاخیر پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، ہر سال منگلہ ڈیم میں پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے تعمیراتی کام رک جاتا ہے، جس سے منصوبہ مسلسل التواء کا شکار ہوتا چلا آ رہا ہے۔

عوامی نمائندوں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ پل وقت پر مکمل ہو جاتا تو نہ صرف اسلام گڑھ اور میرپور کے درمیان سفر آسان ہوتا، بلکہ معاشی، تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں میں بھی نمایاں بہتری آ سکتی تھی۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی ایک وجہ فنڈز کی کمی، منصوبہ بندی کی کوتاہی اور موسمی حالات بھی ہیں۔ حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں