سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہدایت جاری کی ہیں کہ ایران میں حالات معمول پر آنے تک ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں، انہیں تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان نے جمعے کو سعودی حکام کو ہدایت کی کہ مملکت میں پھنسے ہوئے ایرانی حجاج کو ہر ضروری مدد فراہم کی جائے جب تک کہ ان کے لیے بحفاظت وطن واپسی ممکن نہ ہو۔
یہ ہدایت اسرائیلی حکام کی جانب سے ایران کے خلاف صبح سویرے فضائی حملوں کے فوراً بعد سامنے آئی۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے ایران کے جوہری تنصیبات سمیت دیگر مقامات پر حملے کیے جس کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت 4 اعلیٰ فوجی افسران اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔
ایران نے ان حملوں کے بعد ملک کی فضائی حدود بند کردی ہیں۔خیال رہے کہ ہر سال ہزاروں ایرانی زائرین حج کے لیے سعودی عرب کا دورہ کرتے ہیں، اس سال دنیا بھر سے 16 لاکھ سے زیادہ حجاج نے فریضہ حج ادا کیا۔
اسرائیلی حملے کے بعد ایران کی جانب سے تل ابیب کو میزائلوں سے نشانہ بنا کر بدلہ لیا گیا جس سے اس جنگ کے مزید بڑھنے کے خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب میں پھنسے ہوئے ایرانی حجاج کو مدد فراہم کرنے کا منصوبہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان کو پیش کیا۔
اس حوالے سے وزارت حج و عمرہ کو ان کی تمام ضروری امداد کو یقینی بنانے کا کام سونپا گیا ہے۔

