6

پاکستان بھر میں نمازِ عیدالاضحی کی ادائیگی کے بعد سنتِ ابراہیمی کو زندہ رکھتے ہوئے قربانی کا سلسلہ شروع

پاکستان بھر میں نمازِ عیدالاضحی کی ادائیگی کے بعد سنتِ ابراہیمی کو زندہ رکھتے ہوئے قربانی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں عید کی نماز کا آغاز صبح 6 بجے سے ہوا، جو تقریباً ساڑھے 7 بجے تک جاری رہا۔ چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں مختلف عیدگاہوں، مساجد اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید ادا کی گئی۔

امام صاحبان نے نماز کے بعد اپنے خطبات میں سنتِ ابراہیمیؑ کی اہمیت، قربانی کی روح اور اس کے پیغام کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مسلمانوں کو ایثار، تقویٰ اور اتحاد کا درس دیا۔ خطبات کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، امت مسلمہ کے اتحاد اور مظلوم مسلمانوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

نماز کے بعد شہری اور دیہی علاقوں میں قربانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ دیہاتوں میں عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت جانوروں کی قربانی کا اہتمام کیا، جب کہ شہروں میں زیادہ تر افراد نے پیشہ ور قصائیوں اور مزدوروں کی خدمات حاصل کر رکھی تھیں۔

قربانی کے بعد گوشت کو اسلامی تعلیمات کے مطابق تین حصوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے؛ ایک حصہ مستحقین کے لیے، دوسرا رشتہ داروں و دوستوں کے لیے، اور تیسرا اپنے اہلِ خانہ کے لیے مخصوص ہے۔

عید کے اس موقع پر ملک بھر میں خوشی، محبت، بھائی چارے اور دینی جذبے کی فضا قائم ہے۔ لوگ ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دے رہے ہیں اور سنتِ ابراہیمی کی پیروی میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں