اسلام آباد(پنڈی پوسٹ نیٹ نیوز)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں یکساں تعلیمی نصاب کے نفاذ کے آغاز کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس میں ہونےوالی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملک میں پہلی بار یکساں نصاب رائج ہورہا ہے، وزیراعظم کے وژن اور ہمارے منشور کی تکمیل کا دن ہے، تبدیلی کے عمل میں کئی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے نصاب کے عمل میں کئی مراحل سے گزرنا پڑا، یکساں نصاب تعلیم ایک بہت بڑا قدم ہے، یکساں نصاب نا انصافی ختم کرنے کی جانب ایک قدم ہے، مدرسے، سرکاری اور پرائیویٹ اسکول کے بچے ایک ہی نصاب پڑھیں گے۔شفقت محمود نے کہاکہ ہم یہ نہیں کہتے کہ سوچ ایک ہو، قدریں تو ایک ہوں، جرمن، انگلینڈ، چین سمیت سب سے یکساں نصاب بنایا ہے، یکساں نصاب کے نفاذ میں دشواریاں ہیں، پہلے نصاب سرکاری اسکولوں کیلئے بنتے تھے، جو مدارس اور نجی اسکول رائج نہیں کرتے تھے۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ یکساں نصاب خیبرپختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں رائج ہوگیا ہے، سندھ میں بھی کوشش جاری ہے کہ یکساں نصاب تعلیم رائج ہو۔
245