اسلام آباد (اویس الحق سے)پاکستان کی مشہور سیاسی شخصیت،دنیا بھر میں اپنی منفرد مونچھوں اور خوبصورت گاڑی کے باعث مشہور ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے ورکر اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے جانثار ساتھی مستان خان وزیر مختصر علالت کے باعث اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔نماز جنازہ بنوں ملتانی لنڈی ڈاک میں آج بروز اتوار(25۔08۔03)صبح 9 بجے ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ میں کے،پی،کے سمیت پاکستان کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے لوگوں نے شرکت کی۔مرحوم پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کرتے رہے اور اپنے ایک منفرد سٹائل کے باعث غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ناصرف سیاست بلکہ سیاح کے طور پر پورے پاکستان میں اپنی خوبصورت گاڑی پر سفر کرتے اور غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان ویزٹ کرنے کی بھرپور طریقے سے دعوت دیتے رہے۔سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف سے وابستگی خاصی پرانی تھی،سابق وزیر اعظم عمران خان سے خاص پیار بھی ان کی وجہ شہرت بنی جس وجہ سے ان کو پاکستان خصوصاً پی،ٹی،آئی میں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ان کی وفات کی صورت میں پارٹی کو ایک دلیر اور وفادار شخص سے محروم ہونا پڑا ہے۔
