کہوٹہ گرلز ہائر سیکنڈری سکول میں مفت طبی کیمپ، 1200 سے زائد اساتذہ،طالبات اور والدین مستفید

کہوٹہ(پنڈی پوسٹ نیوز)اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ کی کاوشوں اور تعاون سے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کہوٹہ میں اساتذہ، طالبات اور ان کے والدین کے لیے مفت طبی معائنہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس سے 1200 سے زائد افراد نے استفادہ کیا۔ کیمپ کا مقصد شرکاء کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی، بیماریوں کی بروقت تشخیص اور صحت سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا تھا۔

اس موقع پر ال شہباز ہسپتال کہوٹہ کے ڈاکٹر محمد عارف نے اہم کردار ادا کیا اور طبی سہولیات کی فراہمی میں بھرپور تعاون کیا۔ کیمپ کے دوران شرکاء کی آنکھوں کی بینائی کا معائنہ کیا گیا، جبکہ بلڈ گروپ، ٹی بی اور یورک ایسڈ کے ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ اس کے علاوہ ضرورت مند افراد کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔کیمپ میں صحت سے متعلق آگاہی لیکچرز کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں شرکاء کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ، صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور بیماریوں کی بروقت تشخیص کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔

اس فلاحی اقدام کو تعلیمی اداروں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی اور عوام میں طبی شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک قابلِ تحسین کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ اس طرح کے اقدامات نہ صرف بیماریوں کی بروقت نشاندہی میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ معاشرے میں صحت سے متعلق آگاہی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔