کلرسیداں (یاسر ملک)
کلرسیداں کی مرکزی سڑک پر غیر قانونی پارکنگ، شہری ذہنی اذیت کا شکار۔کلرسیداں شہر کی واحد مرکزی سڑک پر دونوں اطراف گاڑیوں کی غیر قانونی پارکنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
سڑک کی تنگی اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کے باعث روزانہ شہری پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ ایمبولینسز اور دیگر ایمرجنسی گاڑیاں بھی ٹریفک میں پھنسی رہتی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کلرسیداں بازار کی مرکزی سڑک پر دکانوں کے سامنے اور سڑک کے کنارے گاڑیوں کی پارکنگ عام معمول بن چکی ہے۔
گاڑی مالکان خریداری کے لیے اپنی گاڑیاں سڑک پر چھوڑ جاتے ہیں جس سے نہ صرف سڑک مزید تنگ ہو جاتی ہے بلکہ ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ شہریوں کے مطابق روزانہ گھنٹوں سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر رہتی ہے جس سے مریض، اور عام مسافر شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔
اہلیانِ علاقہ کا کہنا ہے کہ سڑک پر پارکنگ کے باعث نہ صرف ایمبولینسز اور وینز کو گزرنے میں دشواری پیش آتی ہے بلکہ بعض اوقات قیمتی جانوں کا ضیاع کا خطرہ بھی موجود رہتا ہے۔
شہریوں نے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر شہر میں سڑک کے دونوں اطراف پارکنگ پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور متبادل پارکنگ ایریاز میں گاڑیوں کو کھڑا کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے اگر فوری نوٹس نہ لیں تو مستقبل میں یہ مسئلہ مزید سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے۔