کلرسیداں انتظامیہ نے غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چوآ روڈ پر قائم ایک اڈہ سیل کر دیا

کلرسیداں (یاسر ملک)
کلرسیداں غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈہ سیل۔کلرسیداں انتظامیہ نے غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چوآ روڈ پر قائم ایک اڈہ سیل کر دیا۔ یہ اقدام چیف آفیسر میونسپل کمیٹی رفعت عباس پاشا کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لایا گیا۔تفصیلات کے مطابق چوآ روڈ پر ایک عرصہ سے غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈہ قائم تھا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ متعدد بار تنبیہ کے باوجود اڈے کو ختم نہ کیا گیا جس پر انتظامیہ کو سخت قدم اٹھانا پڑا۔انتظامیہ کی اس کارروائی سے چند روز قبل ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی کے موٹر مکینیکل پٹرولنگ انسپکٹر ندیم عباس شاہ کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ گلزار حسین کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 290، 291، 447 اور 186 کے تحت درج ہوا۔ ان دفعات میں عوامی نقصان پہنچانے، غیر قانونی قبضہ کرنے اور سرکاری اہلکاروں کی کارروائی میں مزاحمت جیسے الزامات شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق کلرسیداں انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ علاقے میں کسی بھی قسم کا غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈہ یا تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی، اور آئندہ بھی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔