پوری پارٹی ایک دوسرے سے دست و گریباں ہے،بانی پی ٹی آئی کو کیا رہا کرائیں گے،خواجہ آصف

اسلام آباد(پنڈی پوسٹ نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے باہمی اختلافات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری پارٹی ایک دوسرے سے دست و گریباں ہے، ایسے میں یہ بانی پی ٹی آئی کو کیا رہا کرائیں گے۔خواجہ آصف نے پی ٹی آئی رہنماؤں لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجہ کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی رہیں تاکہ ان کی دکانداری چلتی رہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے حمایتی اور پارٹی رہنما بانی پی ٹی آئی کے لیے قید سے بھی بڑی سزا ہیں۔

وزیر دفاع نے بانی پی ٹی آئی کی طبی بنیادوں پر ریلیف کی اپیل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو شخص جیل میں قید اپنے سیاسی مخالفین کی بیماریوں کا مذاق اڑاتا تھا، آج خود مکافاتِ عمل کا شکار ہے۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ دوسروں کی تکلیف پر قہقہے لگانے والوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے ان کی ہدایت پر اعلیٰ عدلیہ سے طبی بنیادوں پر ریلیف کی اپیل کی تھی۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.