لاہور(پنڈی پوسٹ نیوز) پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد جرمانوں میں کمی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے بھجوائی گئی سمری کی منظوری دے دی ہے، جسے پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
سمری کے مطابق موٹرسائیکل کا چالان 2 ہزار سے کم کر کے 1 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ رکشے کا جرمانہ 3 ہزار سے کم کر کے 1 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ سنگین خلاف ورزی کی صورت میں 2 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔
کار اور جیپ کے جرمانے 5 ہزار سے کم کر کے 3 ہزار روپے کر دیے گئے ہیں، تاہم اوور اسپیڈنگ کے جرمانے برقرار رکھے گئے ہیں۔ اسی طرح 2000 سی سی اور دیگر لگژری گاڑیوں کا جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔سمری کے مطابق مسافر وین، کوسٹر اور مزدا سمیت لائٹ وہیکلز کے جرمانے بھی 20 ہزار سے کم کر کے 7 ہزار روپے کر دیے گئے ہیں، جبکہ بسوں اور ٹرکوں سمیت ہیوی وہیکلز کے جرمانے 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔مزید یہ کہ مختلف خلاف ورزیوں پر لائٹ اور ہیوی وہیکلز کے جرمانوں میں بھی کمی کی گئی ہے۔