وزیر اعظم کا بڑا فیصلہ،ملک بھر میں بازار رات 8 بجے بند

وفاقی حکومت نے توانائی بچت کیلیے ملک بھر میں بازار، مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق 7 اپریل سے ہوگا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات ، توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کے حوالےسے اہم جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان ، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بازار، مارکیٹیں، شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بازار، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی،یہ فیصلہ صوبائی حکومت کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور ہر قسم کے مالز بھی رات 8 بجے بند ہوں گے جبکہ بیکریاں، ریسٹورنٹ تندور، اور کھانے پینے کی دیگر دکانیں رات دس بجے بند کر دی جائیں گی۔

شادی ہالز، مارکیز، اور دیگر کمرشل جگہیں جن میں شادیاں منعقد ہوتی ہیں ، رات 10 بجے کے بعد بند رہیں گی، نجی پراپرٹیز اور گھروں میں بھی شادی بیاہ کی تقریبات 10 بجے رات کے بعد منعقد کرنے پر پابندی ہو گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کے اوقات کار ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے جبکہ فیصلوں کا اطلاق 7 اپریل سے ہوگا۔

اجلاس میں شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ صوبہ سندھ میں مارکیٹس اور دیگر اوقات کار کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں دی گئی سبسڈی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل کرنے کا عمل جاری ہے اور اب تک 1 لاکھ ٹرانزیکشن ہو چکی ہیں۔