وزیراعلیٰ پنجاب کا ’’خوشحال دیہات پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور (پنڈی پوسٹ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے دیہات کی ترقی کیلئے ’’خوشحال دیہات پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔پروگرام کے تحت گاؤں کی ترقی کے فیصلے وہاں کے مکین خود کریں گے، دیہات میں پکی گلیاں، ڈرینج سسٹم، گندے پانی کے نکاس کیلئے جوہڑ اور سولر سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی، دیہی ترقیاتی منصوبے کوآپریٹو سوسائٹی ماڈل کے تحت مکمل کئے جائیں گے۔

پروگرام کے پہلے مرحلے میں 485 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز قائم کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 1500 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز تشکیل دی جائیں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پروگرام کے آغاز کیلئے 44 دن کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے، اس مقصد کیلئے 29 سال بعد پنجاب میں کوآپریٹو سوسائٹیز پر عائد پابندی جزوی طور پر اٹھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

کوآپریٹو سوسائٹیز کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی کرے گی، جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہوں گے، ہر کوآپریٹو سوسائٹی کیلئے پانچ رکنی مینجمنٹ کمیٹی بھی قائم کی جائے گی، جس میں صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، خزانچی اور ایگزیکٹو ممبر شامل ہوں گے۔

مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہر گاؤں کی ترقی گاؤں کے اپنے لوگوں کے ہاتھ میں دینا چاہتے ہیں، مکین کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کے فیصلے خود کر سکیں گے، کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے ترقی کے عمل کو پائیدار اور مؤثر بنانا چاہتے ہیں۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.