راولپنڈی (پنڈی پوسٹ نیوز) بلوچستان کے ضلع کیچ میں آئی ای ڈی کا دھماکا ہوا، دھماکے میں کیپٹن سمیت 5 جوان شہید جبکہ کلیئرنس آپریشن میں فتنہ الہندوستان کے پانچ دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے شیر بندی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں پاک دھرتی کے پانچ بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کر گئے، شہداء میں کیپٹن وقار احمد، نائیک عصمت اللہ، لانس نائیک جنید احمد، خان محمد اور سپاہی محمد ظہور شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی نیٹ ورک ’’فتنہ الہندستان‘‘ کے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ علاقے میں سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دیگر بھارتی سرپرست دہشت گرد کو بھی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، سکیورٹی فورسز پوری قوم کے ساتھ شانہ بشانہ ہے، ملک کو بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کرنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔