کلرسیداں (یاسر ملک)
حق کسی کے ماننے یا نہ ماننے کا محتاج نہیں، حق خود منوا لیتا ہے، امیر عبدالقدیر اعوان۔شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ حق کسی کے ماننے یا نہ ماننے کا محتاج نہیں، حق اپنی سچائی کے ذریعے خود کو منوا لیتا ہے۔ اہلِ کتاب نہ صرف نبوت کا انکار کر رہے ہیں بلکہ نبی کریم ﷺ کی ذات کو اللہ کی ذات کا حصہ قرار دے کر شرک اور گستاخی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ اللہ کریم کا احسان ہے کہ اُس نے انبیاء کو مبعوث فرمایا، اپنا ذاتی کلام عطا کیا اور زندگی گزارنے کے اصول و اسلوب سکھائے۔جمعہ المبارک کے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اللہ کے حکم کی تعمیل ہی انسان کی حقیقی ضرورت پوری کرتی ہے۔ آج جو لوگ خود کو سیاہ و سفید کا مالک سمجھتے ہیں اور اپنی پسند کو اللہ کے حکم پر ترجیح دیتے ہیں، کل روزِ قیامت بڑے بڑے بادشاہ بھی پکار اُٹھیں گے کہ حقیقی بادشاہی صرف اللہ کی ہے۔ اللہ نے جسے جہاں مبعوث فرمایا ہم سب پر ایمان لاتے ہیں اور احترام کو ملحوظ خاطر رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماہِ ربیع الاول کی آمد ہے، اسی مبارک مہینے میں حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی۔ صحابہ کرامؓ کی محبت کا یہ عالم تھا کہ وہ بغیر کلام کے بھی سمجھ لیتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ کیا چاہتے ہیں۔ آج بھی محافلِ میلاد کا اہتمام ہوتا ہے اور خوشیاں منائی جاتی ہیں لیکن اصل محبت یہ ہے کہ ہم اپنی زندگی کو نبی کریم ﷺ کی سنت کے مطابق ڈھالیں۔ محافل میں جانا اور نماز ترک کر دینا محبت نہیں بلکہ غفلت ہے۔یاد رہے کہ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے تحت امسال بھی ملک بھر میں بعثتِ رحمتِ عالم ﷺ کانفرنسز کا آغاز کل سے ہو رہا ہے۔ پہلا پروگرام میانوالی واں بھچراں میں ہوگا جبکہ دیگر پروگرام بھکر، اسلام آباد، مظفر گڑھ، ملتان، مرکز دارالعرفان منارہ، شاہ پور سرگودھا اور لاہور میں منعقد کیے جائیں گے۔
