کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) گزشتہ روز صبح کے وقت بھورہ حیال کے نواحی گاؤں ڈھوک ڈھیری میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا، جہاں ندی کے قریب ایک جنگلی گیدڑ نے ماں اور بیٹے پر اچانک حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈھوک ڈھیری کے رہائشی چوہدری نزاکت کی اہلیہ اپنے بیٹے کے ہمراہ ندی کے کنارے سے گزر رہی تھیں کہ اسی دوران سامنے سے آنے والے ایک گیدڑ نے ان پر حملہ کر دیا۔ گیدڑ کے اچانک حملے سے ماں اور بیٹا بری طرح زخمی ہو گئے اور موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔
واقعے کے وقت ندی کے قریب کرکٹ کھیلنے والے چند نوجوانوں نے جب گیدڑ کو اپنی جانب بڑھتے دیکھا تو شور مچا دیا، جس پر اہلِ محلہ فوری طور پر گھروں سے باہر نکل آئے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے گیدڑ کو گھیرے میں لے کر قابو کر کے بعد ازاں اسے ہلاک کر دیا، جس سے علاقے میں مزید جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔
زخمی ماں اور بچے کو فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ اہلِ علاقہ نے بچوں اور خواتین کو گھروں سے باہر نکلنے میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
اہلِ علاقہ نے محکمہ وائلڈ لائف اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آبادیوں کے قریب جنگلی جانوروں کی آمد و رفت روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.