42 کلومیٹر سڑک اکھیڑ دی گئی، گردوغبار سے سانس لینا دشوار
دمہ، الرجی اور دیگر بیماریوں میں اضافہ، شہری پریشان
ایکسین ہائی وے میدان میں نکلیں، عوامی مشکلات کا خود جائزہ لیں
وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس اور ہنگامی اقدامات کا مطالبہ
اٹک (نمائندہ پنڈی پوسٹ) معروف سیاسی و سماجی شخصیت نمبردار ملک نوید حسن آف ہمک یونین کونسل جبی کسراں نے کہا ہے کہ فتح جنگ روڈ کی خستہ حالی اور جاری تعمیراتی کام میں شدید سست روی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ یہ شاہراہ عوام کے لیے سہولت کے بجائے ایک مستقل عذاب بن چکی ہے ،ٹھیکیدار کی جانب سے تقریباً 42 کلومیٹر سڑک اکھیڑ دی گئی ہے جبکہ گردوغبار پر قابو پانے کے لیے پانی کے چھڑکاؤ کا مؤثر انتظام موجود نہیں، جس کے باعث مسافروں اور سڑک سے ملحقہ آبادیوں کے مکین شدید اذیت میں مبتلا ہیں اور سانس لینا تک دشوار ہو چکا ہے ، ہمک گاؤں سے اٹک کا صرف 20 منٹ کا سفر اب ایک گھنٹے سے زائد وقت میں طے ہو رہا ہے، جس کے باعث روزانہ ہزاروں طلبہ، ملازمین، مزدور، تاجر اور مریض بدترین مشکلات کا شکار ہیں،مسلسل گردوغبار نے پورے علاقہ کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، جبکہ دمہ، الرجی، کھانسی اور دیگر سانس کی بیماریوں میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا جا رہا ہے،صورتحال اس قدر ابتر ہو چکی ہے کہ ایک تندرست و توانا شخص بھی چند بار اس سڑک پر سفر کرے تو بیمار پڑ جاتا ہے،انہوں نے محکمہ ہائی ویز کے متعلقہ افسران خصوصاً ایکسین ہائی وے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صرف اے سی کمروں میں بیٹھ کر فائلوں اور رپورٹس کے ذریعے زمینی حقائق کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایکسین ہائی وے فوری طور پر خود فیلڈ میں نکلیں،فتح جنگ روڈ کا تفصیلی دورہ کریں اور گردوغبار میں سفر کر کے عوام کی مشکلات کا عملی مشاہدہ کریں تاکہ انہیں اندازہ ہو سکے کہ لوگ روزانہ کس اذیت اور کرب سے گزر رہے ہیں ، عوام کو صرف عملی اقدامات چاہئیں، نہ کہ کاغذی کارکردگی اور زبانی دعوے ، آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پانی کے باقاعدہ چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائے، سڑک کی لیولنگ اور لوک مارکنگ کا عمل بلا تاخیر شروع کیا جائے اور تعمیراتی کام کو ہنگامی بنیادوں پر تیز کیا جائے، انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ وہ اس سنگین عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لیں، ذمہ داران کا تعین کریں اور متاثرہ عوام کو اس ناقابل برداشت صورتحال سے نجات دلائیں۔