یہ پنجابی میں ‘وڑنا’ کسے کہتے ہیں؟

جمیل احمد

میرے ایک قریبی اردو اسپیکنگ دوست نے منہ سے سگار ہٹاتے ہوئے بڑی معصومیت سے پوچھا،
“جمیل صاحب! یہ پنجابی میں ‘وڑنا’ کسے کہتے ہیں؟ کل ایک دوست کہہ رہا تھا، پروگرام تو وڑ گیا۔”

میں نے ایش ٹرے اس کی طرف بڑھائی اور کہا، اس کا روٹ ورڈ تو مجھے بھی نہیں معلوم، البتہ یہ خالص پنجابی کا لفظ ہے۔ اور وڑنے کی کوئی باقاعدہ لغوی تاریخ نہیں، یہ بس پہلی مرتبہ تب مشہور ہوا جب شیر افضل مروت نامی ایم این اے نے ایک لڑائی کے بعد کہا تھا کہ “پروگرام تو وڑ گیا۔”

دوست کا تجسس اور بڑھا، کہنے لگا، “ذرا تفصیل سے بتائیں، وڑنا ہوتا کیا ہے؟”

میں نے پہلو بدلا اور کہا، چلو تمہیں وڑنے کی دو زندہ مثالیں سناتا ہوں۔

پہلی مثال: جس نے جیل جانے کے لیے بینک لوٹا

یہ دنیا کی عجیب ترین ڈکیتی کہلاتی ہے۔ ستمبر 2016 کی بات ہے۔ امریکہ کی ریاست کنساس میں ایک 70 سالہ شخص لارنس جان ریپل بینک میں گیا۔ اس نے کاؤنٹر پر ایک پرچی دی جس پر لکھا تھا، “میرے پاس بندوق ہے، مجھے 2924 ڈالر دے دو۔”

بینک کے عملے نے گھبرا کر اسے رقم تھما دی اور کہا، اب چلے جاؤ۔ مگر وہ پیسے ملنے کے بعد بھاگا نہیں، بلکہ وہیں کرسی پر بیٹھ کر پولیس کا انتظار کرنے لگا۔

پولیس آئی، اسے گرفتار کیا گیا۔ تفتیش میں اس نے بتایا کہ گھر میں بیوی سے جھگڑے کے بعد اس نے سوچا تھا کہ جیل میں رہنا گھر سے بہتر ہوگا، اس لیے بینک لوٹا تاکہ جیل چلا جاؤں۔

لیکن عدالت میں معاملہ الٹا ہو گیا۔ جج کارلوس مرگویا (کورٹ آف ڈسٹرکٹ کنساس) نے اسے جیل بھیجنے کے بجائے چھ ماہ گھر میں نظر بندی کی سزا سنا دی، ساتھ 50 گھنٹے کمیونٹی سروس اور جرمانہ بھی۔ یعنی جس گھر سے دور جانے کے لیے اس نے بینک لوٹا تھا، اگلے چھ ماہ کے لیے اسی گھر میں اسے قید کر دیا گیا۔

میرے دوست! اسے کہتے ہیں وڑنا۔
میرے دوست کا قہقہہ اتنا بلند تھا کہ میں سمجھا کوئی سانس کا مسئلہ درپیش ہے، خیر پانی پلایا تو سانس بحال ہو ئی۔ میں نے برجستہ طنزیہ کہا میں تو سمجھا آپ کا پروگرام بھی وڑ گیا۔ (اسے کہتے ہیں زندہ مثال)

میرا دوست ہنسنے لگا، بولا، “بات تو سمجھ آ گئی۔”

مین نے کہا اب تیسری مثال موجودہ حالات کے تناظر میں سن لو۔

پاکستان تحریک انصاف کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا تھا:

نہیں مروں گا اب کسی جنگ میں یہ سوچ لیا
میں اب کی بار عشقِ عمران میں مارا جاؤں گا

خیبر پختونخوا کے وہ 19 ویں وزیراعلیٰ تھے، 15 اکتوبر 2025 کو منتخب ہوئے۔ پی ٹی آئی کے تمام کارکن اس وقت خوش ہوئے کہ اب یہ عمران خان کو آزاد کرا کر دم لے گا۔

اس نے اسی عشق کا نام لے کر پورا ایک سال گزار دیا۔ لوگوں کے بے حد اصرار پر اس نے 27 ستمبر 2026 کی تاریخ دی کہ اب میں لانگ مارچ کروں گا اور عمران خان کو آزاد کرا لوں گا۔

اس اعلان کے کچھ روز بعد عمران خان کی فیملی میں جو لوگ آزاد تھے انہیں بھی اندر کرا دیا۔ خیر سے موصوف نے ہر رشتے دار کو خواہ وہ خونی ہو یا ازدواجی، سب کو چن چن کر اندر کرادیا۔

سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی کو ایسا واڑا کہ پی ٹی آئی بھی اب یاد رکھے گی۔

ایسی لانگ مارچ شروع کی جو ختم ہوتی نظر نہیں آتی تھی۔ لانگ مارچ نکالا تو حکومتِ وقت کے تاج و تخت کو زمین بوس کرنے تھا، مگر جناب من اپنی ہی حکومت کی بساط لپیٹ کر اپنے گھر چلے گئے۔

میرے دوست نے سگار بجھاتے ہوئے کہا، “سمجھ نہیں آرہا حیرت انگیز ڈکیتی پر ہنسوں یا پی ٹی آئ کی زبوں حالی پر؟”

میں نے مسکرا کر کہا، جب دعویٰ آسمان کو چھو رہا ہو اور انجام زمین پر پڑا ہو، جب نکلنا ہو تخت گرانے اور لوٹنا پڑے اپنی ہی بساط لپیٹ کر، جب عشقِ عمران کے نعرے پر ایک سال گزار کر بھی قافلہ وہیں کا وہیں کھڑا ہو جہاں سے چلا تھا، تو میرے دوست! اسی بے بسی، اسی الٹی پڑی بازی اور اسی بکھرے ہوئے پروگرام کو پنجابی میں وڑنا ہی کہتے ہیں۔

بقول شیر افضل مروت کے یہ ہے وہ پروگرام جو وڑ گیا۔ (جمیل احمد)


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.