گرمی سے ستائے شہریوں کا مری کا رخ، ہوٹل مافیا کی من مانیاں عروج پر

انتظامیہ کی خاموشی، عوام خوار

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے حسبِ روایت سیاحتی مقام مری کا رخ کیا، مگر یہاں اُنہیں موسم کی خنکی کے ساتھ ساتھ ہوٹل مافیا کی لوٹ مار اور انتظامیہ کی غفلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مری میں ہوٹل مالکان نے کرایوں میں بے تحاشہ اضافہ کر دیا ہے۔ عام دنوں میں 2000 روپے کا دستیاب رہنے والا کمرہ ان دنوں 15000 روپے میں کرائے پر دیا جا رہا ہے۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باوجود بھی سہولیات کا فقدان ہے اور ہوٹل عملے کا رویہ بھی نہایت درشت ہے۔

پارکنگ فیس کے نام پر بھی عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔ ایک گھنٹے کی پارکنگ پر 600 روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ متعلقہ انتظامیہ مکمل طور پر غائب نظر آتی ہے۔ سیاحوں نے شکوہ کیا ہے کہ جب وہ ان زیادتیوں پر آواز اٹھاتے ہیں تو انہیں دھمکایا جاتا ہے اور بعض مقامات پر بدتمیزی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مری میں ہوٹل کرایوں اور دیگر چارجز پر قابو پایا جائے، ایک موثر مانیٹرنگ نظام متعارف کرایا جائے، اور سیاحوں کو تحفظ اور سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ وہ سیر و تفریح کے دوران سکون محسوس کر سکیں۔