کہوٹہ،کرپشن، رشوت کے الزامات،5 پٹواری معطل

کہوٹہ(نمائندہ پنڈی پوسٹ)اے ڈی سی آر راولپنڈی کیپٹن (ر) شہریار شیرازی نے کہوٹہ کے دورے کے دوران عوامی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچ پٹواریوں کو معطل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل کہوٹہ کے مختلف مواضعات میں تعینات پٹواریوں ملک عبرت، شاہد محمود، راجہ فیصل، شاہد اور حافظ اشتیاق کے خلاف کرپشن، رشوت ستانی اور دیگر عوامی شکایات موصول ہوئیں۔ جس پر اے ڈی سی آر راولپنڈی شہریار شیرازی نے کہوٹہ کا دورہ کیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچوں پٹواریوں کو معطل کر دیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ شیریں گل اور تحصیلدار کہوٹہ مرزا منصور بھی موجود تھے۔

اے ڈی سی آر راولپنڈی شہریار شیرازی نے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ شیریں گل کے اقدامات اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ میرٹ پر بہترین انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں اور ان کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ شیریں گل نے پٹواریوں کو عوامی شکایات، دفتری امور میں کوتاہی اور غفلت پر سخت ہدایات جاری کی تھیں اور واضح کیا تھا کہ کسی بھی قسم کی نااہلی، بدعنوانی اور رشوت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ان احکامات کے بعد بعض پٹواریوں نے مزاحمت کی اور اسسٹنٹ کمشنر کے احکامات ماننے سے انکار بھی کیا۔

عوامی حلقوں نے اے ڈی سی آر راولپنڈی کے فوری ایکشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ مال میں کرپشن اور قبضہ مافیا کی وجہ سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اہلیان کہوٹہ کی جانب سے جماعت اسلامی کے رہنما سردار مسعود اور دیگر شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ کے دفتر جا کر اے ڈی سی آر راولپنڈی کا شکریہ ادا کیا۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.