آخر کب تک انسانی جانوں کا خون بہتا رہے گا؟
ایک سال میں 25 سے زائد حادثات، 2026 میں 8 سے زائد قیمتی جانیں ضائع، مگر متعلقہ ادارے کب جاگیں گے؟
کالم نگار: جرنلسٹ میر ضمیر احمد مغل
چک بیلی خان روڈ پر واقع کوٹلہ موڑ اب محض ایک خطرناک موڑ نہیں رہا بلکہ انسانی جانوں کے لیے ایک مستقل خطرہ بنتا جا رہا ہے۔ یہاں پیش آنے والے مسلسل حادثات نے اہلِ علاقہ کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ کوٹلہ موڑ کو ’’خونی موڑ‘‘ کہنا شاید حقیقت کی ترجمانی ہے۔
دستیاب اطلاعات اور مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران اس مقام پر چھوٹے بڑے 25 سے زائد حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ متعدد ایسے حادثات بھی ہیں جو معمولی نوعیت کے ہونے کی وجہ سے خبروں اور ریکارڈ کا حصہ نہیں بن سکے۔ سب سے زیادہ افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ صرف سال 2026 کے دوران اب تک 8 سے زائد قیمتی انسانی جانیں اس خطرناک مقام پر حادثات کی نذر ہو چکی ہیں۔
آخر ان قیمتی جانوں کا ذمہ دار کون ہے؟
کوٹلہ موڑ کی جغرافیائی ساخت اور سڑک کی صورتحال حادثات کی بڑی وجوہات میں شامل دکھائی دیتی ہیں۔ کارپٹ روڈ ہونے کے باعث دونوں اطراف سے آنے والی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں تیز رفتاری سے اس مقام تک پہنچتی ہیں۔ دوسری جانب موڑ کی سخت ساخت ڈرائیوروں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن جاتی ہے۔ مخالف سمت سے آنے والی گاڑی اچانک سامنے آ جائے تو تصادم ناگزیر ہو جاتا ہے، جبکہ بعض اوقات ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ پانے کے باعث الٹ جاتے ہیں۔
یہ محض سڑک کا ایک موڑ نہیں، یہ کئی گھروں کے اجڑنے کی داستان بن چکا ہے۔
ذرا سوچیے! جس گھر کا جوان بیٹا صبح روزگار کے لیے نکلتا ہے، اس کی ماں دروازے پر اس کی واپسی کی منتظر ہوتی ہے۔ لیکن اگر وہی بیٹا شام کو زندہ واپس نہ آئے تو اس ماں پر کیا گزرتی ہوگی؟ جس باپ نے اپنی اولاد کو انگلی پکڑ کر چلنا سکھایا ہو، جب اسے اپنے جوان بیٹے کا جنازہ کندھوں پر اٹھانا پڑے تو اس کے دل پر کیا قیامت گزرتی ہوگی؟
کب تک ماؤں کی گود اجڑتی رہے گی؟
کب تک بچے یتیم ہوتے رہیں گے؟
کب تک بوڑھے والدین اپنی جوان اولاد کے جنازے اٹھاتے رہیں گے؟
کب تک جواں بیٹیوں کے سہاگ اجڑتے رہیں گے؟
کیا انسانی جانوں کی کوئی قیمت نہیں؟ کیا متعلقہ ادارے مزید کسی بڑے سانحے کے منتظر ہیں؟
ہم ٹریفک پولیس کے اعلیٰ افسران، ضلعی انتظامیہ، محکمہ ہائی وے اور محکمہ مواصلات کے ذمہ داران سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ کوٹلہ موڑ کا فوری طور پر ازسرِنو تکنیکی اور موقع پر جا کر جائزہ لیا جائے۔ محض کاغذی کارروائی کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔
اہلِ علاقہ اور سول سوسائٹی بھی اس اجتماعی مسئلے پر اپنی آواز بلند کریں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مقام پر مناسب وارننگ بورڈز، ریفلیکٹرز، خطرے کی نشاندہی کرنے والے سائن بورڈز، رفتار کم کرنے کے مؤثر انتظامات، روڈ مارکنگ اور دیگر ضروری حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔ اگر انجینئرنگ جائزے میں ضرورت ثابت ہو تو موڑ کی ساخت میں بہتری اور اضافی حفاظتی انتظامات بھی کیے جائیں۔
ہمیں حادثے کے بعد تعزیتی بیانات نہیں، حادثے سے پہلے حفاظتی اقدامات چاہییں۔ ہمیں جنازوں پر افسوس کرنے والے نہیں بلکہ انسانی جانیں بچانے والے ادارے چاہییں۔
یہ آواز کسی ایک شخص، خاندان یا برادری کی نہیں بلکہ پورے علاقے کے عوام کی آواز ہے۔ آج اگر کوٹلہ موڑ پر مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو کل کسی اور گھر کا چراغ گل ہو سکتا ہے۔
متعلقہ حکام سے گزارش نہیں، اب پُرزور مطالبہ ہے کہ کوٹلہ موڑ کو مزید انسانی جانوں کا قبرستان بننے سے روکا جائے۔
خدارا! کوٹلہ موڑ کو محفوظ بنائیں، اس سے پہلے کہ کسی اور گھر میں صفِ ماتم بچھ جائے۔
ضمیر کی آواز عوام کی آواز ہے، اور انسانی جانوں کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔*
کالم نگار: جرنلسٹ میر ضمیر احمد مغل
ضمیر کی آواز — آپ کی آواز ایوانوں تک
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.