جبیر پور ۔۔۔ ماں اور2 بیٹوں کے اکٹھے 3 جنازے اٹھائےجانے پر ہر آنکھ اشک بار،علاقہ کی فضا افسردہ
چکوال تلہ گنگ روڈ پر القائم ملز کے پاس ہونے والے المناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے تین ماں بیٹوں کی نماز جنازہ جبیر پور میں ادا کردی گئی،ایک ہی گھر سے تین اکٹھے جنازے نکلنے پر ہر آنکھ اشک بار،علاقہ کی فضاء بھی افسردہ،تفصیلات کے مطابق محلہ نور شاہ غازی جبیر پور کے رہائشی انتہائی غریب شخص محمد نذیر کی اہلیہ مسماۃ (ث) اپنے 29 سالہ بیٹے محمد فیضان اور 20 سالہ مزمل علی کے ہمراہ جمعرات کی شام موٹر سائیکل پر اپنے عزیزوں کے گھر چکوال سے دھرابی جارہی تھی کہ رات کے اندھیرے میں القائم ملز کے قریب موٹر سائیکل پھسل کر سڑک پر جا گرا جس کے باعث پیچھے سے آنے والی ہائی ایس گاڑی ان پر چڑھ دوڑی اور بعد ازاں بھوسہ سے لوڈ ٹرالی نے بھی انہیں روند ڈالا،جس کے نتیجے میں ایک بھائی موقع پر ہی جانبحق ہوگیا جبکہ دوسرے بھائی اور ان کی والدہ کو شدید زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال پہنچایا گیا لیکن وہ دونوں ماں بیٹا بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے،تینوں ماں بیٹوں کے اکٹھے جنازے جب گھر سے اٹھائے گئے تو علاقہ بھر میں آہ و بکا اور غمناک مناظر دیکھنے میں آئے،معلوم ہؤا ہے کہ محمد نذیر چوآ روڈ پر ایک زیرِ تعمیر مدرسہ کیلئے رکھے گئے چندہ باکس پر بیٹھ کر اپنی مزدوری کرتا ہے،تینوں متوفیان کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپردِ خاک کردیا گیا۔