کلر سیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کے اہلکاروں نے چوک پنڈوری کے قریب ایک اہم کارروائی کے دوران دو افراد سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کر کے انہیں حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق اے ایس آئی عبدالصغیر اپنی ٹیم کے ہمراہ معمول کے مطابق سنیپ چیکنگ کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک لینڈ کروزر، جو روات سے کلر سیداں کے راستے آزاد کشمیر کی جانب رواں تھی، مشکوک محسوس ہونے پر روک لی گئی۔گاڑی میں موجود ڈرائیور کی شناخت سہیل مشتاق کے نام سے ہوئی۔
دورانِ جامہ تلاشی اس کی قمیض کے اندرونی حصے سے ایک اسٹووور 9 ایم ایم پستول چھپا ہوا ملا۔ پستول کو محفوظ طریقے سے ان لوڈ کرنے پر 13 عدد زندہ گولیاں برآمد ہوئیں۔ مزید یہ کہ ملزم کے بائیں جانب کپڑے کی جیب سے ایک اضافی میگزین بھی ملی جس میں مزید 13 گولیاں موجود تھیں۔ ملزم کسی بھی قسم کا اسلحہ لائسنس یا قانونی اجازت نامہ پیش کرنے میں ناکام رہا۔اسی گاڑی میں موجود ایک اور شخص محمد شیراز، جو ایبٹ آباد کا رہائشی بتایا گیا ہے، سے بھی تلاشی لی گئی۔
اس کی شلوار کے اندرونی خانے سے 30 بور کا پسٹل برآمد ہوا جسے ان لوڈ کرنے پر 3 زندہ راؤنڈز دستیاب آئے۔ ملزم کے پاس بھی اسلحہ رکھنے کا کوئی ثبوت نہ تھا۔پٹرولنگ پولیس نے دونوں افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرتے ہوئے قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ برآمد شدہ ہتھیار، گولیاں اور ملزمان کو ضابطے کی کارروائی کے بعد متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔