پنشن کی رقم میں بڑی بے ضابطگی، متاثرہ پنشنر محمد منیر عدالت پہنچ گیا

کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) سی ایم اے (پنشن) لاہور کینٹ نے کلرسیداں کے علاقے شاہ باغ میں قائم الائیڈ بینک کے منیجر کو جاری کردہ سرکاری مراسلے میں ہدایت کی تھی کہ پنشنر محمد منیر کی چھ ماہ کی پنشن کی رقم جو غلطی سے مذکورہ بینک منتقل ہو گئی ہے کوبینک ڈرافٹ کے ذریعے واپس بھجوائی جائے تاکہ رقم متعلقہ پنشنر کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جا سکے۔

تاہم بینک منیجر نے پنشن کی یہ رقم، جو ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے کو واپس بھیجنے کے بجائے منیر نامی کسی دوسرے پنشنر کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دی۔ اس اقدام کے باعث اصل پنشنر محمد منیر سکنہ چمبا کرپال کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔پنشنر محمد منیر کا کہنا ہے کہ اس کی ماہانہ پنشن مقررہ وقت پر اس کے اکاؤنٹ میں جمع نہ ہوئی، بعدازاں معلوم ہوا کہ اس کی پنشن کی رقم مسلسل کسی دوسرے اکاؤنٹ میں کریڈٹ ہوتی رہی۔

متاثرہ پنشنر کے مطابق اس نے متعدد بار بینک انتظامیہ کو اس سنگین غلطی سے آگاہ کیا مگر بینک منیجر نے میری کسی بات پر توجہ ہی نہ دی جس کی وجہ سے مجبوراً مجھے عدالت کا دروازے کھٹکھٹانا پڑا۔