(پنڈی پوسٹ نیوز)صدر آصف علی زرداری نے پمز میں ہولناک آتشزدگی کے دوران نومولود کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین کو تمغہ شجاعت دینے کی منظوری دے دی۔ایوانِ صدر کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے بدھ کے روز پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی نرس رضیہ نورین کو تمغہ شجاعت دینے کی منظوری دی۔واضح رہے کہ 26 اگست کو پمز کے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود جاں بحق ہوگئے تھے۔ واقعے کے بعد اسپتال میں حفاظتی اور آگ سے بچاؤ کے انتظامات پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔
آتشزدگی کے دوران سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں رضیہ نورین کو شعلوں میں گھری نرسری میں داخل ہوتے اور چند لمحوں بعد ایک نومولود کو گود میں اٹھا کر باہر نکلتے دیکھا گیا۔ کچھ دیر بعد انہوں نے دوبارہ نرسری میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم اس وقت تک آگ مزید پھیل چکی تھی۔
رضیہ نورین کی غیر معمولی بہادری اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی رواں ماہ انہیں ایک کروڑ روپے کا انعام دیا تھا۔اس موقع پر رضیہ نورین کا کہنا تھا کہ وہ صرف اپنی ذمہ داری ادا کر رہی تھیں، کیونکہ لوگوں نے اس وقت بچوں کو ان کے سپرد کیا تھا اور ان کی حفاظت کی ذمہ داری ان کے کندھوں پر تھی۔