(پنڈی پوسٹ نیوز)نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہنگری کی اپنی ہم منصب انیتا اوربان سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، نائب وزیراعظم نے ہنگری کی وزیر خارجہ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے کامیاب مدتِ کار کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ہنگری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید کی اور سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، تعلیمی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ روابط میں تسلسل اور رفتار برقرار رکھنے کے لیے باقاعدہ مشاورتی طریقۂ کار منعقد کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور علاقائی و بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے زور دیا کہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابلِ عمل راستہ ہیں۔انہوں نے تمام فریقین کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) کی طرف واپس آنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، جبکہ دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔