لاہور (حذیفہ اشرف)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حق اور سچ کی آواز اٹھانے والے صحافی معاشرتی انصاف کے محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادیِ صحافت جمہوریت کی بنیاد ہے اور مضبوط معاشرے کے لیے آزاد میڈیا ناگزیر ہے۔مریم نواز شریف نے زور دیا کہ ظلم و ناانصافی کو بے نقاب کرنے والے صحافی حقیقی ہیرو ہیں، اور حکومت پنجاب ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صحافی اور صحافت محفوظ ہیں، یہاں کسی صحافی کے قتل یا تشدد کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بے گھر صحافیوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور حکومت آزادیِ اظہارِ رائے کے تحفظ کی ضامن ہے۔