(پنڈی پوسٹ نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کے درمیان حالیہ سیاسی بیان بازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کابینہ اراکین کو ایک دوسرے کے خلاف عوامی سطح پر بیانات دینے سے فوری طور پر روک دیا ہے۔وزیراعظم کی جانب سے یہ تنبیہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کے مابین نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر جاری شدید لفظی جنگ کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ غیر ضروری بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے کیونکہ اس سے حکومت کی تعمیر و ترقی کی کوششوں سے توجہ ہٹتی ہے اور عوام میں منفی تاثر پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کابینہ کے اندرونی معاملات کو باہمی مشاورت، اتفاقِ رائے اور افہام و تفہیم سے حل کیا جائے، جبکہ وزرا اپنی تمام تر توانائیاں عوامی خدمت اور ملکی ترقی پر مرکوز رکھیں۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی اس قسم کی بیان بازی سے اجتناب برتنے اور مثبت مکالمے کو فروغ دینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام لانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی منزل کی جانب گامزن ہے اور سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کو نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.