صدائے حسان چک بیلی خان نعتیہ ادب کا ایک نیا چراغ

تحریر: (ماسٹر محمد عثمان ملک۔ )
نعت رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک ایسا روحانی خزینہ ہے جو قلوب کو منور کرتا اور ایمان کی حلاوت کو دو چند کر دیتا ہے۔
اسی روحانی نسبت کو بنیاد بنا کر 18 مئی 2025 کو گرین سٹار سکول اینڈ کالج رنوترہ چوک میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں “صدائے حسان چک بیلی خان ” کے نام سے ایک نعت کونسل کی بنیاد رکھی گئی۔یہ نعت کونسل عالمی نعت کونسل صداۓ حسان پاکستان رجسٹرڈ کی ایک شاخ ہے۔ صداۓ حسان چک بیلی خان کونسل علاقے میں نعتیہ ادب، عشقِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم، اور دینی تربیت کے فروغ کا عزم لے کر میدان میں آئی ہے۔ اجلاس میں موجود تمام احباب کی متفقہ راۓ سے معروف نعت خواں، محترم جناب قاری عاقب تنویر عثمانی صاحب کو صدر صدائے حسان چک بیلی خان مقرر کیا گیا۔    

قیام کی روحانی فضا اور نظریاتی پس منظر:

“صدائے حسان” کا نام صحابیِ رسول حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ عنہ سے منسوب کیا گیا ہے، جنہوں نے نعت گوئی کو اسلامی ثقافت کا مقدس حصہ بنایا۔ اسی نسبت کو زندہ رکھنے کے لیے کونسل کی بنیاد ایسے افراد نے رکھی جنہیں نعت سے قلبی تعلق، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے والہانہ محبت ہے۔الحمد اللہ

قیادت اور نظریاتی رفقاء:

اس تاریخی موقع پر جن شخصیات نے با ضابطہ طور پر اجلاس میں شرکت فرما کر نعت کونسل کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ان میں سے کچھ نمایاں شخصیات کا تذکرہ  لازم ہے:

فخرِ چونترہ، مہتمم دارالعلوم ختم نبوت چونترہ ،فخر القراء ، حضرت مولانا افتخار احمد صاحب – سرپرستِ اعلی صدائے حسان چک بیلی خان
محترم جناب شہاب الدین مروت صاحب – چئیرمین صدائے حسان پاکستان
جناب قاضی طلحہ عثمانی صاحب – معروف نعت خواں نائب صدر صدائے حسان پاکستان۔
عاقب تنویر عثمانی صاحب –معروف نعت خواں، صدر صدائے حسان چک بیلی خان
محمد عثمان ملک صاحب – ڈائریکٹر گرین اسٹار سکولز ( تجویز نعت کونسل صداۓ حسان چک بیلی خان )۔

مولانا قاری سرفراز صاحب سرپرست صداۓ حسان چک بیلی خان– دینی خدمات کے علمبردار

نگران سوشل میڈیا دارالعلوم ختم نبوت چونترہ ،حافظ عزیر شفیق بھٹی (سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر صدائے حسان چک بیلی خان)
ان عظیم المرتبت حضرات نے نہ صرف اپنے تجربے اور وژن سے اس کونسل کی باڈی تشکیل دی، بلکہ ایک نظریاتی سمت بھی متعین کی۔
مقاصد و سرگرمیاں کونسل درج ذیل امور پر خصوصی توجہ دے گی:

نوجوان نعت خوانوں کی تربیت

نعتیہ مشاعروں اور محافل کا انعقاد۔
پیشہ ور اور گانے کی طرز پر نعت کی روک تھام۔

نعت گو شعراء کی حوصلہ افزائی۔

دینی، تربیتی و ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد۔

نعتیہ ادب کی ترویج اور اشاعت۔

بین المدارس،سکول ،کالجز اور یونیورسٹیز میں نعتیہ مقابلے۔

اسکے علاوہ کونسل کے قیام پر اہلِ علاقہ و مخلصین نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے صدائے حسان کی کاوشوں کو سراہا اور اس مشن کا حصہ بننے کا عزم کیا۔

اختتامیہ

آج کے پرآشوب دور میں نعتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم ایک ایسا ذریعہ ہے جو دلوں کو جڑنے، امت کو یکجا کرنے، اور روح کو جِلا بخشنے کی طاقت رکھتا ہے۔
“صدائے حسان چک بیلی خان” عشقِ مصطفی کا پرچم لیے رواں دواں ہے۔ آئیں، ہم سب اس قافلے میں شامل ہوں۔

جہاں نعت ہے، وہاں خیر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں