سپائر سکول ٹیکسلا میں ریزنگ ڈے کی رنگا رنگ تقریب

ٹیکسلا (رپورٹ ۔ عمیر بھٹی) سپائر سکول جمیل آباد ٹیکسلا کیمپس میں پیرنٹس ٹیچر میٹنگ (PTM) اور سپائر ریزنگ ڈے کی رنگا رنگ تقریب نہایت شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا انعقاد ادارے کے ایک سالہ کامیاب تعلیمی سفر اور ترقی کے سنگِ میل کی خوشی میں کیا گیا۔

تقریب میں والدین، اساتذہ اور طلباء نے بھرپور شرکت کی۔ والدین کو اپنے بچوں کی تعلیمی کارکردگی اور اخلاقی تربیت کے حوالے سے اساتذہ سے تبادلہ خیال کا موقع ملا، جبکہ اساتذہ نے آئندہ کے تعلیمی اہداف اور بہتری کے پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

ڈائریکٹرز ڈاکٹر محمد مدثر اور پروفیسر زاہد اقبال نے پرنسپل سید ناظم عباس کے ہمراہ معزز والدین کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور ادارے کے پہلے کامیاب سال کی تکمیل پر اساتذہ اور اسٹاف کی محنت و لگن کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سپائر سکول اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے معیارِ تعلیم، کردار سازی اور ہمہ جہت تربیت کے سفر کو مزید جوش و جذبے کے ساتھ جاری رکھے گا۔ تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور ملک وقوم کی سلامتی اور طلباء کے روشن مستقبل کے لیے دعا بھی کی گئی۔