سرکاری ریٹ کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن، پھل فروش کے خلاف مقدمہ

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) گرانفروشی پر پھل فروش کے خلاف مقدمہ درج۔اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں شبانہ نذیر نے گرانفروشی پر ایک پھل فروش کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق پرائس چیکنگ کے دوران کلر سیداں شہر میں واقع گو پٹرول پمپ کے قریب شہزاد احمد نامی پھل فروش سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیلا 300 روپے فی درجن اور سفید سیب 500 روپے فی کلو فروخت کرتا پایا گیا،

جبکہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق کیلا 240 روپے فی درجن اور سیب 265 روپے فی کلو مقرر تھا۔انتظامیہ نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ تاجر کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے خبردار کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور گرانفروشوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔