راولپنڈی(پنڈی پوسٹ نیوز)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرِ صدارت ضلعی انسدادِ پولیو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں نومبر 2026 کی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات، تیاریوں اور اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ضلع راولپنڈی کی تمام 188 یونین کونسلز میں انسدادِ پولیو مہم کو مؤثر بنانے اور 9 لاکھ 89 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ہدایت کی کہ مہم کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت کام کریں تاکہ مقررہ ہدف حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے مہم کے دوران بچوں تک رسائی، ٹیموں کی مؤثر نگرانی اور انتظامی امور کو بروقت مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔