راولپنڈی بورڈ سالانہ انٹرمیڈیٹ نتائج کا اعلان کر دیا گیا

راولپنڈی ( پنڈی پوسٹ نیوز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے انٹرمیڈیٹ کے پہلے سالانہ امتحان 2025 کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان کے مطابق تینوں مجموعی پوزیشنز ہونہار طالبات نے اپنے نام کر لیں۔

اعلان کے مطابق پہلی پوزیشن پنجاب کالج برائے خواتین تلہ گنگ کی اریج شفقت حیات نے حاصل کی جنہوں نے 1200 میں سے 1148 نمبر حاصل کیے۔ اسی کالج کی عائشہ مشتاق نے 1139 نمبر لے کر دوسری پوزیشن اپنے نام کی جبکہ رائل کالج آف سائنسز فار گرلز چکوال کی ایمان فاطمہ نے 1138 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

بورڈ حکام نے تمام کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شاندار کامیابی ان کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔ پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کل 18 ستمبر 2025 بروز جمعرات فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی کے ایڈیٹوریم میں منعقد ہوگی جس میں نمایاں طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا جائے گا۔