اسلام آباد (نیٹ نیوز) اسد عمر نے کہا ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والوں کو دکانوں، دفاتر اور ہوٹلوں میں کام کرنے نہیں دیا جائے گا، ان کے لیے ویکسین لگوانے کی آخری تاریخ 31 اگست ہے، جس کے بعد ان پر پابندی عائد ہوگی۔ وفاقی وزیر اور نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) سربراہ اسد عمر نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مختلف شعبوں کے لیے ویکیسینیشن کی آخری تاریخ 31 اگست رکھی گئی ہے، وہ تمام افراد جن سے دوسرے اثرانداز ہو سکتے ہیں ان کے لیے ویکسین لگوانے کی آخری تاریخ 31 اگست ہے۔اسد عمر نے بتایا کہ تمام تعلیمی اداروں کی ٹرانسپورٹ سے جڑے افراد، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، سرکاری ملازمین، ہوٹلوں، دکانوں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز میں کام کرنے والوں نے اگر 31 اگست تک ویکسین نہ لگوائی تو انہیں کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جو اساتذہ ویکسی نیٹڈ نہیں وہ یکم اگست سے سکولوں میں نہیں پڑھا سکیں گے، یکم اگست سے صرف ویکسی نیٹڈ لوگ ہوائی جہاز پر سفر کرسکیں گے۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ کئی لوگ اب بھی کورونا کو سنجیدہ نہیں لے رہے، سندھ حکومت کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، چاہتے ہیں کسی کا روزگار متاثر نہ ہو، ملکی معیشت چلتی رہے، ملک بند کر کے وبا کا مقابلہ نہیں کرسکتے، کورونا سے بچنے کا واحد حل صرف احتیاط ہے
227