تحصیل آفس کہوٹہ میں پرائیویٹ منشیوں پر کرپشن کے الزامات پر مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت کی مسلسل خاموشی نے عوامی حلقوں میں متعدد سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔ تحصیل آفس کہوٹہ میں پرائیویٹ منشیوں سمیت افسران کے سائلین سے سرعام رشوت لینے کے الزامات پر مقامی لیگی قیادت کی جانب سے کسی قسم کا مؤقف سامنے نہ آنا شہریوں کے لئے حیرت کا باعث بن رہا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف ایم پی اے راجہ صغیر احمد کے کوآرڈینیٹر راجہ تیمور اصغر تحصیل آفس انتظامیہ پر مبینہ طور سائلین سے مال بٹورنے کے الزامات لگا رہے ہیں تو دوسری جانب بعض حلقے راجہ تیمور اصغر پر انتظامیہ سے بھتہ طلب کرنے کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔دونوں جانب سے سامنے آنے والے ان سنگین الزامات نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ معاملہ انتہائی حساس نوعیت اختیار کر چکا ہے، اس لئے اس کی غیر جانبدارانہ اور شفاف انکوائری ناگزیر ہے تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں اور بے یقینی کی فضا ختم ہوسکے۔یہ خبریں عام ہیں کہ تحصیل آفس پرائیویٹ منشیوں اور سابقہ پٹواریوں کی مکمل گرفت میں ہے اور بعض پرائیویٹ منشی بھاری بھر رشوت لے کر زمینوں کے ریکارڈ میں ردوبدل کررہے ہیں۔ریکارڈ میں ردوبدل کے ثبوت ٹیم میل جول نیوز کے پاس موجود ہیں