کہوٹہ میں بلدیاتی الیکشن کے بعد کچھ عرصہ سیاست میں گرم جوشی رہی مگر جب مخصوص نشستوں کے الیکشن ملتوی ہوئے تو اس کے بعد تحصیل کہوٹہ میں سیاسی موسم ٹھنڈا ہوگیا۔ سات ماہ گزرنے کے باوجود نہ ہی ضلع کا چیئرمین منتخب ہوا اور نہ ہی میونسپل کمیٹی کا چیئرمین۔ البتہ علاقائی مسائل اور بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے کے لیے جہاں چیئرمین سب اگٹھے ہوگئے وہاں میونسپل کمیٹی کے کونسلرز بھی با اتفاق نظرآئے۔ منتخب نمائندوں نے گوکہ ترقیاتی کام کرائے ہوں گے مگر اس پسماندہ علاقے کے مسائل کے لیے میگا پراجیکٹ کی ضرورت ہے اس کے علاوہ بھی کسی علاقہ کی تعمیر و ترقی کے لیے بلدیاتی ادارے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تحصیل بھر کے چیئرمینوں کی یکجہتی اس دن بھی نظر آئی جس دن چند روز قبل مسلم لیگ ن کی ایم پی اے ثوبیہ انور ستی اور چیئرمین یوسی نرڑ بلا ل یامین ستی نے عدالت کی طرف سے باعزت طور پر مقدمے سے بری ہونے پر ایس پی غیاث گل کے خلاف پریس کانفرنس کی ۔ثوبیہ انو ر ستی نے کہا کہ ایس پی غیاث گل ایک کرپٹ شخص ہے اور وہ اپنے ماتحت ملازمین کو ڈرا دھمکا کر غلط کام کرتا ہے۔بلال یامین ستی نے یہ انکشاف بھی کیا کہ نرڑ قتل کیس میں ایک بے گناہ شخص کو مقدمے سے نکالنے کے لیے 5لاکھ روپے رشوت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مدعی مقدمہ نے عدالت میں بیان دیا کہ بلال یامین ستی اس مقدمہ میں موجود نہ تھے مجھے دباؤ ڈال کر ان کا نام شامل کرنے کا کہا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور چیئر مین مسلم لیگ ن راجہ محمد ظفر الحق کو ان سے چیزوں کا علم ہے ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے انکوائری کا کہا مگر ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ایس پی غیاث گل کے خلاف انکوائری نہ ہوسکی۔انہوں نے اعلان کیا کہ جھوٹا اور من گھڑت مقدمہ بنانے پر میں ایس پی غیاث گل کے خلاف ہائی کورٹ جاؤں گا۔ اس موقع پر تحصیل بھر کے چیئرمینوں جن میں میجر(ر)عبدالرؤف راجہ، ماسٹر ظہور عباسی، راجہ اشتیاق، سجاد ستی، راجہ عامر مظہر، راجہ ظفر بگہارویاوردیگر شامل تھے نے ایک قرار داد کے ذریعے اس جھوٹے مقدمے کی مذمت کی اور کہا کہ شفاف انکوائری کرکے ایس پی غیاث گل کے خلاف کاروائی کی جائے ورنہ ہم احتجاج کریں گے ۔ بلال یامین ستی نے بلدیاتی الیکشن اس وقت لڑا جب ان پر مقدمات کے حوالے سے ایک مشکل وقت تھا اس کے علاوہ ان کے مخالفین نے ان کو ہرانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا مگر پہلے وہ عوامی عدالت میں کامیاب ہوئے اور بعد میں عدالت نے بھی ان کو بری کردیا جس سے ثابت ہوا کہ بلال یامین ستی میں ہر مشکل سے نکلنے کی صلاحیت موجود ہے۔اسی طرح میونسپل کمیٹی کے کونسلرز بھی شہر کے
مسائل کے حوالے سے یکجا نظر آرہے ہیں اور کہوٹہ شہر میں سٹریٹ لائٹس صاف پانی اور دیگر انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے وہ اگٹھے احتجاج کرتے ہیں ۔رمضان کے مقدس مہینے میں جہاں موجودہ بجٹ نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسا ہے وہاں اس مقدس مہینے میں بھی حکومت اعلانات اور فنڈز دینے کے باوجود بھی عوام کو ریلیف نہ مل سکا۔ حسب سابق سبزی منڈی کو ہی سستا بازار شوکیا گیا ۔گوکہ تمام اداروں کے ملازمین دفتری کام چھوڑ کر وہاں بیٹھے ٹھنڈی ہوائیں لگوا رہے ہیں بہتر انتظامات ہیں مگر افسوس کہ اس سستے بازار میں صرف چند گھنٹے سبزی فروٹ اور دیگر اشیاء ملتی ہین وہ بھی انتہائی غیر معیاری اور مضر صحت ۔انتظامیہ بازار کا دورہ بھی کرتی ہے مگر صرف تصویریں بنا کر اسسٹنٹ کمشنر ڈی سی او کو اور وہ اوپر سیکرٹری کو بھیج دیتے ہیں اور سب اچھا کی رپورٹ دے دیتے ہیں ۔گذشتہ روز میونسپل کمیٹی کے کونسلرز کا متفقہ اجلاس ہوا جس میں انتظامیہ کے منتخب نمائندوں کے ساتھ رویے کے مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ شہر میں صفائی کے انتظامات، سٹریٹ لائٹس، واٹر سپلائی اور خاص کر سستے بزار میں ناقص انتظامات اور عوام کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم نہ کرنے پر احتجاج کرتے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر ان مسائل پر فوری توجہ دیں کونسلرز میں راجہ سعید احمد ایڈووکیٹ، حاجی ملک عبدالرؤف، ملک غلام مرتضیٰ، آصف ربانی قریشی، عبدالحمید قریشی، ماسٹر محمد نواز، مظہر اقبال بھٹی، راجہ ظہور اکبر، راجہ وحید احمد ،زرین شاہ ،حاجی محمد ارشد اور دیگر نے شرکت کی رمضان شریف کے مہینے میں دیگر جماعتوں کی سرگرمیاں بھی محدود ہوگئی ہیں لگتا ہے کہ عید کے بعد سیاسی ماحول گرم ہوگا۔{jcomments on}
115