بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں: عوامی مسائل کے حل کی نئی امید


شہزاد احمد بھٹی
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں کرانے کی منظوری ایک ایسا اہم قدم ہے جس کا عام آدمی طویل عرصے سے انتظار کر رہا تھا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اٹھارہ اٹھارہ اضلاع پر مشتمل دو مرحلوں کی منظوری نے اس عمل کو ایک واضح راستہ دکھایا ہے۔ پہلے مرحلے میں چکوال، تلہ گنگ، قصور، راولپنڈی، تونسہ، ڈیرہ غازی خان، سیالکوٹ، اوکاڑہ، مری، لودھراں، سرگودھا، راجن پور، نارووال، چنیوٹ، خانیوال، حافظ آباد، بھکر اور ننکانہ صاحب شامل ہیں۔ دوسرے مرحلے میں ساہیوال، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، بہاولنگر، وزیر آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کوٹ ادو، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، ملتان، لیہ، جھنگ، گجرات، میانوالی، مظفر گڑھ اور رحیم یار خان جیسے اضلاع شامل ہیں۔ ان انتخابات کو پُرامن اور وقت پر کرانے کے لیے حکومت اور الیکشن کمیشن کی سطح پر تیاریوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمیشن دفتر اور چیف سیکرٹری پنجاب کو باقاعدہ خط لکھ کر مقررہ وقت کے اندر تمام انتظامی، قانونی اور سکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ دوسری طرف صوبائی حکومت نے بھی انتخابات کے مرحلہ وار انعقاد کے لیے سرکاری عملے اور ضروری سہولیات کی فراہمی پر اتفاق کرتے ہوئے تیاریوں کو تیز کر دیا ہے تاکہ ووٹنگ کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے،

اور حکومت اب کوئی نیا حربہ یا تاخیری بہانہ اپنائے بغیر موجودہ شیڈول کے مطابق ان انتخابات کو ممکن بنائے۔ یہ پیش رفت صرف ایک سرکاری فیصلہ نہیں بلکہ نچلی سطح پر عوامی نمائندگی کی بحالی کی امید بھی ہے کیونکہ جمہوری نظام تبھی مضبوط اور فائدہ مند ہوتا ہے جب اختیارات اور فیصلے کرنے کا حق صرف بڑی اسمبلیوں تک محدود نہ رہے بلکہ گلی محلے اور قصبے کی سطح تک پہنچے۔ بلدیاتی نظام دراصل جمہوریت کی پہلی سیڑھی اور عوام کی خدمت کا سیدھا اور آسان ذریعہ ہے۔

اس بار پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت یہ انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر ہوں گے، جہاں امیدوار کسی سیاسی جماعت کے نشان کے بجائے آزاد حیثیت میں عوام کے سامنے آئیں گے۔ اس طریقہ کار کے تحت عام ووٹر سیدھا اپنی یونین کونسل کے نو جنرل کونسلرز کو ووٹ دے گا۔ یہ منتخب کونسلرز بعد میں خواتین، کسان یا مزدور، نوجوانوں اور اقلیتی برادری کی چار مخصوص نشستوں پر نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ یوں تیرہ اراکین پر مشتمل پوری یونین کونسل اپنے ہی اندر سے زیادہ ووٹوں کے ذریعے چیئرمین اور وائس چیئرمین کو چنے گی۔

آگے چل کر یہی چیئرمین اور مخصوص نشستوں کے اراکین مل کر تحصیل کونسل کے چیئرمین اور شہروں کے میئرز کا انتخاب کریں گے۔ اس نظام کا بنیادی مقصد مقامی قیادت کو نچلی سطح سے آگے لانا ہے تاکہ شہریوں کے روزمرہ مسائل ان کی اپنی دہلیز پر ہی حل ہو سکیں، اور یوں عام عوام کے لیے اس نظام کے سب سے بڑے فوائد روزمرہ زندگی کی سہولیات سے جڑے ہیں۔ صفائی ستھرائی، نکاسی آب، پینے کے صاف پانی، گلی محلوں کی سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس، پارکس اور بنیادی صحت و تعلیم کے انتظامات ایسے کام ہیں جو سیدھا ہر گھر کو متاثر کرتے ہیں۔

چونکہ جنرل کونسلرز سیدھا اپنے محلے اور وارڈ کے ووٹوں سے منتخب ہو کر آئیں گے، اس لیے انہیں علاقے کی ضروریات اور مسائل کا اچھی طرح اندازہ ہو گا اور وہ محض زبانی دعوؤں یا رسمی باتوں تک محدود رہنے کے بجائے عوام کے درمیان رہ کر موقع پر ہی عملی حل نکال سکیں گے۔ اس نظام کا ایک بڑا فائدہ یہ بھی ہے کہ بلدیاتی اداروں کے بننے کے بعد قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین یعنی ایم این ایز اور ایم پی ایز کی مقامی سطح کی ذمہ داریاں کافی حد تک کم ہو جائیں گی۔

کام کی اس تقسیم کی وجہ سے اسمبلی اراکین کو اپنے اصل آئینی فرائض، قانون سازی، پالیسی بنانے اور سرکاری اداروں کی نگرانی پر بھرپور توجہ دینے کا موقع ملے گا۔ جب مقامی نوعیت کے ترقیاتی و انتظامی معاملات کونسلرز اور چیئرمین سنبھال لیں گے تو ایم این ایز اور ایم پی ایز اس اضافی بوجھ سے آزاد ہو کر شاہراہوں، ہسپتالوں، یونیورسٹیوں اور بڑے منصوبوں پر زیادہ بہتر انداز میں کام کر سکیں گے۔ اسی طرح غیر جماعتی بنیادوں پر ہونے والے ان بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں محنتی مقامی قیادت کو بھی آگے آنے کا موقع مل سکے گا۔

حقیقت یہ ہے کہ یہ نظام اس لیے بھی بہت ضروری ہے کہ یہ فنڈز کو صرف چند بڑے مراکز تک محدود رکھنے کے بجائے چھوٹے شہروں، قصبوں اور دیہی علاقوں تک پہنچانے میں مدد دیتا ہے، جس سے مقامی ضروریات کے مطابق کام طے ہوتے ہیں اور وسائل کا درست اور بہتر استعمال ممکن ہوتا ہے۔ تاہم، اس منظوری کے اصل فائدے اسی وقت عوام تک پہنچ پائیں گے جب انتخابات شفاف، وقت پر اور بااختیار ہوں اور منتخب بلدیاتی اداروں کو حقیقی مالی اور انتظامی اختیارات دیے جائیں۔ صرف نام کے بلدیاتی ادارے مسائل حل نہیں کر سکتے

کیونکہ انہیں کام کرنے کی آزادی، وسائل اور جواب دہی کا نظام چاہیے ہوتا ہے۔ پنجاب میں دو مرحلوں پر مشتمل بلدیاتی انتخابات کی منظوری ایک اچھا آغاز ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس انتخابی عمل کو خیر و برکت اور شفافیت کے ساتھ مکمل کرے، ایماندار اور بااختیار مقامی قیادت کو آگے لائے اور ہمارے پیارے وطنِ عزیز کو ترقی، خوشحالی اور حقیقی جمہوری مضبوطی عطا فرمائے۔ آمین


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.