ایچی سن کالج یا بااثر خاندانوں کی مجلسِ اعزاز؟تعلیمی اداروں کی نگرانی کے نام پر رشتے داریوں کا اجتماع، اہلیت کہاں ہے اور میرٹ کس دروازے پر کھڑا ہے؟

لاہور کا تاریخی ایچی سن کالج کبھی اپنی علمی عظمت، تعلیمی وقار اور ادارہ جاتی تشخص کے حوالے سے پہچانا جاتا تھا، مگر نئے بورڈ آف گورنرز کی زیرِ گردش فہرست سامنے آئی ہے تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے کسی تعلیمی ادارے کی انتظامی نگرانی کے لیے بورڈ نہیں، بااثر خاندانوں کا ایک مشترکہ خاندانی اجلاس ترتیب دیا گیا ہو۔

فہرست میں شامل ناموں اور ان کے خاندانی تعلقات پر نظر ڈالیے تو میرٹ، اہلیت اور انتظامی تجربے سے پہلے رشتوں کا تعارف سامنے آتا ہے:

۱۔ منتہا اشرف مارتھ: وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے برادرِ نسبتی۔

۲۔ علی ڈار: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بہنوئی اور مشیر۔

۳۔ علی پرویز ملک: وفاقی وزیر۔

۴۔ ملک صہیب بھرتھ: صوبائی وزیر۔

۵۔ عاشق حسین کرمانی: صوبائی وزیر۔

۶۔ ساجد ظفر ڈال: پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب۔

۷۔ علی ایاز صادق: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے بیٹے۔

۸۔ سلطان گوہر اعجاز: سابق نگران وفاقی وزیر گوہر اعجاز کے بیٹے۔

۹۔ خان محمد اشرف: سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کے بیٹے۔

۱۰۔ حسنین قلی خان: لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ علی قلی خان کے بیٹے۔

۱۱۔ میاں خالد مصباح: سابق نگران وزیر میاں مصباح الرحمن کے بیٹے۔

۱۲۔ ابراہیم طارق شفیع: وزیراعلیٰ مریم نواز کے سیکنڈ کزن اور الشفیع گروپ کے ڈائریکٹر۔

اب ذرا اس فہرست کے خاندانی روابط کا نقشہ دیکھیے۔ کہیں بہنوئی، کہیں برادرِ نسبتی، کہیں صاحبزادے، کہیں سیکنڈ کزن اور کہیں اقتدار کے ایوانوں سے براہِ راست وابستگی!

یوں محسوس ہوتا ہے کہ ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنرز میں شمولیت کے لیے تعلیمی قابلیت سے زیادہ اہمیت خاندانی شجرۂ نسب اور سیاسی و حکومتی قربت کو حاصل ہو گئی ہے۔ بورڈ کے اجلاس میں تعارف کا مرحلہ بھی شاید زیادہ طویل نہ ہو؛ اکثر اراکین ایک دوسرے کے تعارف سے پہلے ہی ایک دوسرے کے خاندانی پس منظر سے واقف ہوں گے۔

سوال یہ نہیں کہ کسی بااثر خاندان سے تعلق رکھنے والا شخص کسی تعلیمی ادارے کا نگران کیوں نہیں بن سکتا۔ یقیناً رشتہ داری بذاتِ خود نااہلی کا سرٹیفکیٹ نہیں، لیکن یہ بھی کوئی اصول نہیں کہ رشتہ داری اہلیت کا متبادل بن جائے۔

اصل سوال یہ ہے کہ ان بارہ ناموں میں سے کس کا انتخاب کس تعلیمی قابلیت، کس انتظامی تجربے، کس علمی خدمت اور کس مخصوص اہلیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے؟

کیا ان افراد نے تعلیمی اداروں کی اصلاح، تعلیمی پالیسی سازی، طلبہ کی کردار سازی، نصاب کی بہتری یا ادارہ جاتی انتظام میں کوئی نمایاں خدمات انجام دی ہیں؟ کیا انتخاب کے لیے کوئی شفاف معیار مقرر کیا گیا؟ کیا دیگر اہل، تجربہ کار اور غیر سیاسی شخصیات کو بھی اس ذمہ داری کے لیے زیرِ غور لایا گیا؟

یا پھر پاکستان میں میرٹ کا ایک نیا مفہوم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس میں قابلیت کی جگہ قربت، تجربے کی جگہ تعلق اور اہلیت کی جگہ خاندانی شناسائی نے لے لی ہے؟

ایچی سن کالج کوئی عام تعلیمی ادارہ نہیں۔ یہ پاکستان کا تاریخی اور ممتاز تعلیمی ادارہ ہے، جہاں سے ملک کی سیاسی، انتظامی اور سماجی قیادت کے کئی نام وابستہ رہے ہیں۔ اس ادارے کی نگرانی کرنے والوں سے توقع تھی کہ وہ تعلیمی معیار، ادارہ جاتی خودمختاری اور میرٹ کی عملی مثال قائم کریں گے۔ لیکن اگر نگرانی کے منصب بھی مخصوص بااثر حلقوں کے درمیان گردش کرنے لگیں تو پھر عام شہری اپنے بچوں کو کس بنیاد پر یہ یقین دلائے کہ اس ملک میں آگے بڑھنے کا راستہ محنت اور قابلیت سے ہو کر گزرتا ہے؟

یہی وہ طرزِ حکمرانی ہے جس میں عام آدمی کا باصلاحیت بچہ سفارش کے بغیر ایک اچھی ملازمت کے لیے ترستا رہتا ہے، ایک قابل استاد اپنے تجربے کے باوجود فیصلہ سازی کے ایوانوں سے باہر رہتا ہے، اور دوسری طرف بااثر خاندانوں کے افراد کے لیے اہم اداروں کے دروازے بظاہر غیر معمولی آسانی سے کھل جاتے ہیں۔

تعلیم کا ادارہ اگر خود میرٹ کی عملی تصویر نہ بن سکے تو وہ نئی نسل کو میرٹ کا درس کس منہ سے دے گا؟

اب ایچی سن کالج کے کسی کلاس روم میں استاد بچوں کو محنت، دیانت، قابلیت اور خود اعتمادی کا سبق پڑھاتے ہوئے جب یہ کہے گا کہ کامیابی کے لیے اپنی صلاحیتوں پر بھروسا کرو تو کسی ذہین طالب علم کے ذہن میں ایک سوال ضرور جنم لے گا:

’’سر! کامیابی کے لیے واقعی قابلیت پیدا کرنا ضروری ہے، یا کسی بڑے عہدے دار کا رشتہ دار ہونا کافی ہے؟‘‘

اور اگر یہ سوال پیدا ہو گیا تو سمجھ لیجیے کہ نقصان صرف ایک بورڈ کی تشکیل کا نہیں، بلکہ پورے تعلیمی نظام کے اخلاقی جواز کا ہے۔

حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس فہرست میں شامل ہر رکن کی تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ تجربے، سابقہ خدمات اور تقرری کے معیار کو عوام کے سامنے رکھا جائے۔ اگر انتخاب میرٹ پر ہوا ہے تو اس کا ثبوت بھی سامنے آنا چاہیے۔ اور اگر معیار صرف سیاسی اثرورسوخ، خاندانی تعلقات اور اقتدار سے قربت ہے تو پھر اسے میرٹ کا نام دینے کے بجائے اقربا پروری کی ایک اور مثال تسلیم کر لینا چاہیے۔

کیونکہ تعلیمی ادارے خاندانوں کی جاگیر نہیں، قوم کی امانت ہوتے ہیں!

خالد عمران خالد


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.