(پنڈی پوسٹ نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے فلیگ شپ پروگرام ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ کو ایک اور عالمی اعزاز کے لیے منتخب کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام دنیا کے پانچ کامیاب ہاؤسنگ پروگرامز میں شامل ہوگیا ہے، جس کے بعد اسے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ہیبی ٹیٹ (UN-Habitat) کے اسکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
یو این ہیبی ٹیٹ کی جانب سے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کو کم آمدن والے خاندانوں کو محفوظ اور مناسب رہائش کی سہولت فراہم کرنے پر اس اعزاز کے لیے منتخب کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے دنیا بھر میں ہر سال صرف پانچ پروگرامز یا منصوبوں کو اسکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔
’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت اب تک 2 لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر کے لیے 260 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس پروگرام کو پاکستان کی پہلی اور سب سے بڑی مکمل ڈیجیٹل ہاؤسنگ فنانس اسکیم بھی قرار دیا گیا ہے۔
پروگرام کے پہلے مرحلے میں 134,439 گھروں کی تعمیر کے لیے 196 ارب روپے جبکہ دوسرے مرحلے میں 65 ہزار گھروں کے لیے 62 ارب روپے سے زائد کے قرضے جاری کیے گئے۔حکام کے مطابق تقریباً سوا لاکھ خاندان اس پروگرام کے تحت تعمیر کیے گئے گھروں میں منتقل ہوچکے ہیں۔