اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کیساتھ ژالہ باری کے بعد موسم سرد ہو گیا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم کافی سرد ہو گیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے دیگر علاقوں میں بھی آج اور کل بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

اسلام آباد میں صبح سے ہی مطلع ابرآلود تھا جبکہ محکمہ موسمیات نے بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کر رکھی تھی، صبح 10 کے قریب مختلف سیکٹرز میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ راولپنڈی کے کچھ مقامات پر بھی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دیگر علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آج بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔